بانہال//ضلع رام بن میں تحصیل و بلاک کھڑی پنچایت اپر مہو بنیادی سہولیات سے محروم ہے اور قدرتی وسائل سے مالا مال یہ علاقے سرکار اور مختلف محکموں کی عدم توجہی کی وجہ سے مسلسل نظر انداز ہیں ۔ پنچایت اپر مہو کا علاقہ منگت بانہال سب ڈویژن ہیڈکوارٹر سے قریب تیس کلومیٹر دور جنوب میں واقع ہے اور اپنے علاقے کا سب سے بڑا گائوں بھی منگت ہی ہے۔ مقامی سماجی کارکن اور ابابیل فائونڈیشن منگت کے بانی عبد الجبار میر نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ باوا سے منگت تک تین کلومیٹر کے ایک لنک روڑ کا ہے جس کیلئے اب تک تین بار DPRتیار کی گئی ہے اور ایک وفد دو بار گورنر انتظامیہ سے ملاقائی ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیروں نے یہ یقین دلایا تھا کہ اس روڈ کا کام جلدی شروع جائے گا لیکن اب تک نہیں کسی بھی قسم کی کوئی سرگرمی شروع نہیں کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری ہیلتھ سینٹر منگت میں کئی اسامیاں خالی ہیں اور کئی ملازمین اور ڈاکٹر باہر اٹیچ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے سرکار اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ملازمین اور ڈاکٹروں کو فوری طور پر واپس منگت لائیں اور برسوں سے زیر تعمیر ہسپتال عمارت کو فوری طور مکمل کیا جائے۔ سماجی کارکن عبدالجبار میر نے کہا کہ ہائی سکول منگت میں اساتذہ کی آدھ درجن سے زائد اسامیاں خالی پڑی ہیں اور منگت کے ساتھ گائوں پر مشتمل اس ہائی سکول میں صرف چار ہی استاد تعینات کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے اس سکول میں زیر تعلیم بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف سے چاند ستاروں پر کمندیں ڈالنے کی باتیں کی جارہی ہیں وہیں مہومنگت میں لوگ زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں ۔