عظمیٰ نیوز سروس
بانہال // جمعرات کو قصبہ بانہال میں واقع ایس ایم ایس کمپلیکس میں ایک نجی مطالعہ گاہ علامہ اقبال لائبریری کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول بانہال کے پرنسپل شبیر احمد تانترے نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ معروف عالمِ دین مولانا مفتی سمیر احمد اور سینئرصحافی محمد تسکین وانی بطور مہمان ذی وقار کے طور تقریب میں موجود تھے۔ اس موقع پر علاقے کے کئی معزز شہری، اساتذہ اور تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد نے بھی موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لائبریری کے مالک فیضان احمد میر نے کہا کہ اس لائبریری کے قیام کا بنیادی مقصد طلبہ کو ایک پُرسکون اور شور و غل سے پاک مطالعہ کا ماحول فراہم کرنا ہے، جہاں تمام بنیادی سہولیات مناسب فیس پر دستیاب ہوں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لائبریری میں 25فیصد نشستیں ایسے طلبہ کے لیے مخصوص رکھی گئی ہیں جو فیس ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تاکہ تعلیم تک سب کی رسائی ممکن ہو سکے۔تقریب میں موجود مہمانوں اور مقررین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے لائبریری کے مالک کی کوششوں کی تعریف کی اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس نئی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی تعلیمی تیاری کو بہتر بنائیں۔