بانہال //نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر سجاد شاہین نے مخلوط سرکار پر گُذشتہ تین برسوں سے عوام کے مسائل میں اضافہ کرنے کا مبینہ الزام لگا یا ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے بانہال اسمبلی حلقہ کے اپنے طویل دورہ کے دوران موضع چھنجلو ،عشہار، زانہل،خیرکوٹ،نوگام ،تیٹھر ،چریل، رام سو و دیگر دیہات کے لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے ان دیہات میں لوگوں کو بنیادی سہولیات کا فقدان ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔اس موقعہ پر انہوں ے کہا کہ دور دراز علاقوں کا کیا حال ہوگا جبکہ بانہال قصبہ بھی بغیر شیڈول کٹوتی سے گھپ اندھیرے میں ہے۔انہوں نے سرکار سے علاقہ میں پانی اور بجلی کی ناقص سپلائی کے مسلہ کو فوری طور حل کرنے کو کہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قلت خصو صاً سیلز اوٹ لیٹوں پر راشن کی کمی عوام کی ایک خاص شکایت ہے۔انہوں نے حلقہ میں طبی خدمات میں سدھار لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ طبی اداروں میں ادویات اور تشخیصی سہولیات کا فقدان ہے۔شاہین نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں میں سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہے ا ور یہ ٹریفک کے قابل نہیں ہیں،جسکی وجہ سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔