محمد تسکین
بانہال/چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) رام بن نے گورنمنٹ مڈل اسکول کراواہ، زون بانہال کے پورے عملے کو معطل کر دیا ہے، جب ایک طالب علم مبینہ طور پر اسکول کی عمارت کے اندر کئی گھنٹوں تک بند پایا گیا۔ واقعے کے بعد حکام نے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔
چیف ایجوکیشن رام بن کی جانب سے جاری کردہ سرکاری حکم نامے کے مطابق یہ واقعہ 4 جولائی 2026 کو پیش آیا، جب ایک طالب علم شام تقریباً 8 بجے، یعنی اسکول کے اوقاتِ کار ختم ہونے اور گرمیوں کی تعطیلات شروع ہونے سے قبل، اسکول کی عمارت کے اندر بند پایا گیا۔
حکم نامے میں اس واقعے کو بادی النظر میں شدید غفلت اور فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی قرار دیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ طلبہ کی حفاظت اور نگرانی کے ذمہ دار اہلکاروں کی لاپرواہی سے بچے کی جان اور سلامتی کو سنگین خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔
تحقیقات مکمل ہونے تک گورنمنٹ مڈل اسکول کراواہ، زون بانہال کے تمام ملازمین کو جموں و کشمیر سول سروسز (کلاسیفکیشن، کنٹرول اینڈ اپیل) رولز، 1956 کے رول 31 کے تحت فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ معطلی کے دوران تمام ملازمین آئندہ احکامات تک اسی اسکول کے ساتھ منسلک رہیں گے۔
سی ای او نے واقعے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی ہے، جس میں پرنسپل، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول گرلز بانہال کو چیئرپرسن، زونل ایجوکیشن آفیسر بانہال اور ہیڈ ماسٹر ہائی اسکول بنکوٹ کو ارکان مقرر کیا گیا ہے۔
کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی غیر جانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کرے، غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرے اور اپنی سفارشات سمیت تفصیلی رپورٹ تین روز کے اندر سی ای او کے دفتر میں پیش کرے۔حکام کے مطابق یہ کارروائی تعلیمی اداروں میں جوابدہی کو یقینی بنانے اور طلبہ کی حفاظت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے مقصد سے عمل میں لائی گئی ہے۔
بانہال: اسکول انتظامیہ کی مبینہ غفلت، طالب علم کئی گھنٹوں تک سکول میں بند رہا؛ سی ای او رام بن کی سخت کارروائی ،پورے عملے کو کر دیا معطل،انکوائری شروع