جموں//ایس ایم جی ایس ہسپتال جموں میں زنانہ وارڈ اور لیبر روم میں مریضوں کے رش کو کم کرنے کے سلسلے میں صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے ہسپتال کے احاطہ میں 275 بستروں والے اضافی بلاک کا سنگ بنیاد رکھا۔31.60 کروڑ روپے کی رقم سے تعمیر کئے جانے والے پروجیکٹ میں کئی منزلہ عمارت تعمیر ہو گی جس میں275 بستروں والازنانہ وارڈ اور لیبر روم شامل ہے۔ اس پروجیکٹ میں300 گاڑیوں کی پارکنگ، جدید لیبارٹری ، لائبریری اور دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ جی ایم سی اور ایس ایم جی ایس ہسپتالوں پر مریضوں کا رش بڑھتا ہی جارہا ہے اور اس سلسلے میں بستروں کی تعداد بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ فی الوقت لیبر روم میں48 بسترے لگے ہیں اور روزانہ200 مریض علاج ومعالجہ کے لئے ہسپتال آتے ہیں جس سے ہسپتال کے حکام کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس صورتحال کے مد نظر حکومت نے فیصلہ لیا کہ مریضوں کے لئے اور زیادہ گنجائش بڑھانے کے لئے ایک اضافی بلاک تعمیر کیا جائے تا کہ جموں صوبہ سے تعلق رکھنے والے مریضوں کو بہتر طبی نگہداشت فراہم کی جاسکے۔ایم ایل اے راجیش گپتا، پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر سنندہ رینہ، ایچ او ڈیز ڈاکٹر ششی گپتا، ڈاکٹر اندو کول، میڈیکل سُپرنٹنڈنٹ ایس ایم جی ایس، ڈاکٹر آر کے سانگڑہ، ڈپٹی میڈیکل سُپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر میناکشی کوتوال، ایگزیکٹو انجنئیر آر اینڈ بی،( جی ایم سی) اترکمار شرما اور جی ایم سی و ایس ایم جی ایس کے دیگر فکیلٹی ممبران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔