عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سیکورٹی فورسز نے پلوامہ ضلع میں ووین کھریو علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ملی ٹینٹ کے ایک معاون کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔یہ آپریشن اونتی پورہ پولیس، فوج کی 50 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف کی 185 بٹالین نے مشترکہ طور پر کیا۔گرفتار شخص کی شناخت جاوید احمد حجام ولد عبدالرشید حجام ساکن گلاب باغ ترال کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ تلاشی کے دوران سیکورٹی فورسز نے ایک پستول اور پانچ گولیاں برآمدکیں۔پولیس کے مطابق وہ پانپور، ترال اور اونتی پورہ علاقوں میں سرگرم ملی ٹینٹوں کو لاجسٹک مدد فراہم کرنے اور اسلحہ اور گولہ بارود پہنچانے میں ملوث تھا۔پولیس نے مزید کہا کہ قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔