یو این آئی
لاہور/پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2026 میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کے معاملے میں پاکستان کے اسٹار کھلاڑی فخر زمان پر کم از کم ایک میچ کی پابندی لگ سکتی ہے ۔فخر زمان نے اتوار کے روز پی ایس ایل 2026 کے میچ میں لاہور قلندرز کی کراچی کنگز کے ہاتھوں چار وکٹ سے شکست کے دوران گیند سے چھیڑ چھاڑ کی یہ واردات سامنے آئی تھی۔ یہ واقعہ کنگز کی جانب سے ہدف کے تعاقب کے دوران آخری اوور کے آغاز میں پیش آیا۔اس وقت میدان میں موجود امپائر فیصل آفریدی نے حارث رؤف سے گیند معائنے کے لیے لے لی تھی، کیونکہ گیند شاہین شاہ آفریدی اور فخر کے درمیان ایک دوسرے کو پاس کی گئی تھی۔
فیصل نے دوسرے آن فیلڈ امپائر شرف الدولہ کے ساتھ طویل مشاورت کی اور دونوں نے گیند سے چھیڑ چھاڑ ہونے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے اسے بدل کر نئی گیند لانے کا فیصلہ کیا۔ کنگز کو پانچ پنالٹی رنز دیے گئے اور ان کے بلے باز خوشدل شاہ اور اعظم خان کو دوسری گیند منتخب کرنے کی اجازت دی گئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک بیان کے مطابق قلندرز کے اس کھلاڑی پر لیول تھری کا جرم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔ پی ایس ایل سیزن میں پہلی بار خلاف ورزی کرنے پر کم از کم ایک میچ اور زیادہ سے زیادہ دو میچوں کی پابندی لگ سکتی ہے ۔ میچ ریفری روشن مہانامہ اگلے دو دنوں میں اس معاملے کی سماعت کریں گے اور فخر زمان اس الزام کا دفاع کریں گے ۔ پانچ پنالٹی رنز کنگز کے لیے اہم ثابت ہوئے ، کیونکہ انہوں نے آخری چھ گیندوں پر 14 رنز کے ہدف کو چھ گیندوں پر نو رنز تک کر دیا۔