محمد تسکین
بانہال// جمعہ کی صبح سے جاری برفباری کے باعث بارہمولہ۔بانہال ریلوے سیکشن پر ریل خدمات جزوی طور پر متاثر رہیں اور سینکڑوں مسافروں اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ جمعہ کے روز صبح کے اوقات میں چند ٹرینیں چلانے کے بعد دن بھر کے لیے سروس معطل کر دی گئی، تاہم سہ پہر کے بعد موسم میں بہتری آنے پر وندے بھارت سمیت کئی ٹرینیں چلائی گئیں۔ریلوے حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کی صبح ایک ٹرین بانہال سے سرینگر اور ایک سنگلدان سے بارہمولہ کے لیے روانہ ہوئی جبکہ سرینگر۔کٹرا روٹ پر وندے بھارت ٹرینیں بھی چلائی گئیں اور اس دوران وندے بھارت ٹرین کو چھوڑ کر وادی کشمیر سے کوئی اور لوکل ریل بانہال نہیں آئی ۔ انہوں نے کہا دوپہر بعد ریلوے ٹریک سے برف ہٹانے کے بعد لوکل اور وندے بھارت ٹرینوں کی جزوی بحالی ممکن ہو سکی جس سے سینکڑوں درماندگی کا شکار مسافروں کو راحت ملی ہے ۔ریل سروس کی معطلی کے دوران بانہال ریلوے سٹیشن پر پھنسے سیاحوں اور مسافروں کو ہیٹر، چائے اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ریلوے سٹیشن بانہال کے ملازمین نے ایثار اور انسانی جذبے کا مظاہرہ کیا اور اس کیلئے مقامی سوشل میڈیا پر ریلوے سٹیشن بانہال کے افسروں اور ملازمین کی سراہنا کی جا رہی ہے۔