عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
واشنگٹن// امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) کے ایک سابق کمشنر نے سابق امریکی صدر باراک اوباما کے ہندوستان میں اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے دیے گئے بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ہندوستان کی مذمت سے زیادہ تعریف میں توانائی خرچ کرنی چاہیے۔ امریکی مبشر جانی مور نے کہا کہ ہندوستان انسانی تاریخ کا سب سے متنوع ملک ہے اور امریکہ کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی تعریف کرنی چاہیے۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی پر جاری ایک ویڈیو کے مطابق، انہوں نے مزید کہا، ‘دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہندوستان ایک پرفیکٹ ملک نہیں ہے، جس طرح امریکہ ایک پرفیکٹ ملک نہیں ہے، لیکن ہندوستان کا تنوع اس کی طاقت ہے… حتیٰ کہ اپنی تنقید میں بھی سابق امریکی صدر اوباما خود کو وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرنے سے نہیں روک سکے۔’جانی مور نے کہا، ‘امریکہ ہندوستان سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ ہندوستان پوری دنیا میں سب سے زیادہ تکثیری ملک ہے۔ یہ مذاہب کی تجربہ گاہ ہے۔ میں مذہب کے بارے میں جاننے کے لیے ہندوستان گیا تھا اور ہندوستان کے بارے میں ایک قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس جمہوریت میں بہت سی زبانیں، مذاہب اور مختلف لوگ ہیں، جن کی انسانی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی- یہ کچھ ایسا ہے، جس کا ہمیں جب بھی موقع ملے، اس کا جشن منانا چاہیے۔’یو ایس سی آئی آر ایف کے سابق کمشنر نے کہا، ’’میرے خیال میں بہت سارے لوگ ہندوستان کے باہر سے ہندوستان کے اندر دیکھ رہے ہیں۔ لیکن جب آپ ہندوستان کے اندر ہوتے ہیں تو آپ کو جلد ہی احساس ہوجاتا ہے کہ ملک کا تنوع ہی اس کی طاقت ہے اور جب آپ ہندوستان میں اقلیتوں کی بات کرتے ہیں تو میں دھرم شالہ گیا ہوں اور تبتی برادری کے ساتھ بیٹھا ہوں۔ میں امرتسر گیا اور سکھ برادری کے ساتھ بیٹھا۔ میں مسیحی برادری کو اچھی طرح جانتا ہوں، اور میں نے خلیجی ممالک میں کافی وقت گزارا ہے۔ میں یہ دیکھ کر ناقابل یقین حد تک پرجوش تھا۔