یواین آئی
لاہور/پاکستان کرکٹ کے افق سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے ! اسٹار بیٹر اور سابق کپتان بابر اعظم نے قومی ٹیم مینجمنٹ کی ہدایت پر کرکٹ سے عارضی وقفہ لینے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بابر اعظم اب جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے ، جس سے ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ نے بابر اعظم کو ذہنی اور جسمانی طور پر تازہ دم ہونے کے لئے آرام کا مشورہ دیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں اس ٹورنامنٹ میں شرکت کی ہدایت جاری نہیں کی گئی۔
بابر اعظم نے اپنی ٹیم لاہور وائٹس کو باقاعدہ طور پر اپنی عدم دستیابی سے آگاہ کر دیا ہے ، جس کے بعد اب وہ اس ٹورنامنٹ کا حصہ نہیں ہوں گے ۔یہ وقفہ محض آرام کے لئے نہیں ہے ، بلکہ بابر اعظم ایک بڑے مقصد پر کام کر رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق بابر اعظم نے اپنی پرانی بیٹنگ تکنیک کو بحال کرنے کے لئے انفرادی کوچز کے ساتھ نیٹس میں سخت ٹریننگ شروع کر دی ہے ۔وہ اپنی بیٹنگ کی ان خامیوں کو دور کرنے کے لئے کوشاں ہیں جو حالیہ میچوں میں سامنے آئی تھیں۔ان کا تمام تر فوکس اب اپنی تکنیک کو دوبارہ مؤثر بنا کر میدان میں دھماکے دار واپسی کرنا ہے ۔