عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سی ایس آئی آر(آئی آئی آئی ایم) سرینگر شاخ میں تین روزہ تربیتی پروگرام بعنوان بایومیڈیکل ریسرچ اور ڈرگ ڈسکوری میں عملی تربیت کا پیر کو آغاز ہوا۔یہ پروگرام سی ایس آئی آر انٹی گریٹڈ اسکل انیشی ایٹوز کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد نوجوان محققین، طلبہ اور پیشہ ور افراد کو بایومیڈیکل تحقیق اور ادویات کی تیاری کے شعبے میں عملی اور صنعت سے متعلق مہارتیں فراہم کرنا ہے۔اپنے ورچوئل افتتاحی خطاب میں ڈائریکٹر ڈاکٹر زبیر احمد نے بایومیڈیکل تحقیق اور ڈرگ ڈسکوری کے مستقبل پر روشنی ڈالی اور بنیادی تحقیق کو موثر علاج میں تبدیل کرنے کے لیے مضبوط بائیولوجیکل ایویلیوایشن پلیٹ فارمز کی اہمیت پر زور دیا۔چیف سائنٹسٹ اور پروگرام کے منتظم ڈاکٹر فیاض ملک نے تربیتی ماڈیول کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام میں شرکا کو ان وِٹرو بائیولوجیکل ایسیز، سیل وائی ایبلیٹی ٹیسٹ، اینزائم بیسڈ اسکریننگ اور میکانزم پر مبنی بایو ایسیز کی عملی تربیت دی جائے گی جو ڈرگ ڈسکوری میں نہایت اہم ہیں۔پرنسپل سائنٹسٹ ڈاکٹر مزمل احمد نے ادارے کے مقاصد اور خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انٹی گریٹو میڈیسن اور ڈرگ ڈسکوری کے میدان میں ادارے کی نمایاں خدمات بیان کیں۔ انہوں نے قدرتی مرکبات پر تحقیق، پری کلنیکل ویلیڈیشن اور مختلف امراض کے لیے ادویات کی تیاری میں ادارے کے کردار کو اجاگر کیا۔