عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرینگر کے بائی پاس پر ایک نامعلوم شخص سڑک حادثے میں ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک 407 گاڑی نے مذکورہ شخص کو ٹکر مار دی۔ نوگام پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے زخمی کو ایس ایم ایچ ایس اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور متاثرہ شخص کی شناخت کے ساتھ ساتھ حادثے کی درست صورتحال جاننے کی کوششیں جاری ہیں۔ ادھربڈگام ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کی چھت پر تصویریں لیتے ہوئے کرنٹ لگنے سے شدید طور پر زخمی ہونے والا 16 سالہ لڑکا پیر کے روز یہاں ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔مہلوک کی شناخت ریان احمد کے طور پر کی گئی ہے، جو شمیم احمد ڈار کا بیٹا اور سرینگر کے مہاراج پورہ بٹہ مالو علاقے کا رہائشی تھا۔ حادثے کے بعد نوعمر لڑکے کو نہایت نازک حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، تاہم ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود اسے بچایا نہ جا سکا۔یہ افسوسناک واقعہ حال ہی میں اس وقت پیش آیا جب ریان احمد اور ایک اور نوجوان ارباز احمد مبینہ طور پر بڈگام ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ایک ٹرین کی چھت پر چڑھ گئے اور اوپر موجود برقی تار سے رابطے میں آ گئے، جس کے نتیجے میں دونوں کو شدید کرنٹ لگا۔