جموں//اے بی وی پی کے کارکنوں نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور جموں و کشمیر پبلک یونیورسٹی بل کے خلاف گورنمنٹ کالج فار ویمن کے نزدیک مصروف پریڈ چوک پر دھرنا دیا اور اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین یہاں جمع ہوئے اور خواتین کالج کے قریب گاڑیوں کی آمدورفت کو بلاک کرتے ہوئے احتجاج کیا اور اس مجوزہ بل کو اعلیٰ تعلیمی اداروں کی خود مختار حیثیت پر قبضہ کرنے اور انہیں بیوروکریٹس کے حوالے کرنے کی کوشش قرار دیا۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ جے کے ایس ایس بی یا حکومت کے زیر کنٹرول کسی دوسری ایجنسی کے ذریعے ہونے والی بھرتیاں بدعنوانی کا ذریعہ بن سکتی ہیں اور یونیورسٹیوں یا کالجوں کے معاملات کو بیوروکریٹس کے سپرد کرنے سے غیر منصفانہ طرز عمل کو جنم ملے گا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اعلیٰ افسران کو اس کی ذمہ داری دی جائے۔ تعلیمی اداروں کو حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شفافیت کے نام پر اعلیٰ تعلیمی اداروں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ہم اس کوشش کو برداشت نہیں کریں گے، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کو حالات اور سخت مخالفت کو دیکھتے ہوئے بل (جے اینڈ کے پبلک یونیورسٹی بل) کو واپس لینا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بیوروکریسی کی مداخلت کی اجازت دینا کیوں ضروری ہے؟ اگر مجوزہ بل واپس نہ لیا گیا تو ہم سڑکوں پر آئیں گے اور آنے والے دنوں میں احتجاج کو مزید تیز کیا جائے گا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ آج کا احتجاج علامتی تھا لیکن وہ مظاہروں کو مزید تیز کریں گے۔