بانہال // ایگزیکٹیو افسر میونسپل کمیٹی بانہال کی اسامی مئی 2017 سے خالی پڑی ہے جبکہ فوڈ انسپکٹر کی اسامی 2008 سے پْر ہی نہیں کی گئی جس کیو جہ سے میونسپل کمیٹی بانہال کے درجنوں ملازمین کے علاوہ قصبے میں رہنے والے ہزاروں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ میونسپل کمیٹی بھدرواہ کے ایگزیکٹیو افسر کو میونسپل کمیٹی بانہال کا اضافی چارج دیا گیا ہے ، جو ڈیڑھ دو ماہ بعد ہی بانہال میونسپل کمیٹی بانہال کے دفتر آکر دیگر اہم کاموں کو نظر انداز کرکے دفتر اور اپنے مفادات کے معاملوں کو عملی جامہ پہنا کر واپس چلے جاتے ہیں ، جس کی وجہ سے ملازمین اور قصبہ کے حدود میں رہنے والے لوگوں اور قصبہ کی حدود میں گندگی اور غلاظت کے مسئلے جوں کے توں پڑے ہوئے ہیں۔میونسپل کمیٹی بانہال کے ایگزیکٹیو افسر کی اسامی پچھلے دس مہینے سے مسلسل خالی ہونے اور ایگزیکٹیو افسر بھدرواہ کو اضافی چارج سونپنے کی وجہ سے شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال گندگی اور غلاظت کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے اور میونسپل کمیٹی بانہال کادفتر عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوکر رہ گیا ہے اور دفتر کا وجود بے سود بن کر رہ گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ قصبہ بانہال میں گراں فروشوں نے لوٹ کا بازار گرم کر رکھا ہے لیکن میونسپل کمیٹی میں ایگزیکٹیو افسر کی اسامی خالی ہونے کی وجہ سے نرخ ناموں اور قصبے کی صفائی پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ قصبہ بانہال کے گلی کوچے لوگوں کے تجاوزات کی وجہ سے عوام کیلئے مشکلات کا باعث بنے ہوئے ہیں اور میونسپل کمیٹی کچھ بھی نہیں کر پارہی ہے۔ محمد ممتاز نامی ایک شہری نے بتایا کہ شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال کے چند گلی کوچوں کی صفائی کا کام صفائی کرمچاری صبح ہی کر جاتے ہیں لیکن قصبہ میں دن بھر جاری رہنے والی لاقانونیت اور بعض تاجروں کی من مرضی کی طرف میونسپل کمیٹی بانہال کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دن دھاڑے ہی مال گاڑیوں کو جگہ جگہ مال اتارنے کیلئے قصبہ میں کئی کئی گھنٹوں تک روکے رکھا جاتا ہے اور فٹ پاتھ اور سڑکیں چھاپڑی فروشوں اور گاڑی والوں کے قبضے میں رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لا قانونیت اور میونسپل کمیٹی بانہال کی بے بسی کے کے یہ مناظر میونسپل کمیٹی بانہال کے دفتر کے باہر شاہراہ پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں جہاں غلط پارکنگ اور گندگی کے ڈھیر ہیں ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ قصبہ بانہال میں صحت و صفائی اور حفظان صحت کیلئے میونسپل کمیٹی بانہال میں فوڈ انسپکٹر کی اسامی پچھلے دس سالوں سے خالی ہے اور اس اہم اسامی کو 2008 سے اب تک پْر کرنے میں کوتاہی برتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بانہال کو محکمہ بلدیات جموں کی طرف سے مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے اور لوگوں کی مشکلات روز بہ روز بڑھ رہی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ پر کسی کی گرفت نہ ہونے کی وجہ سے روزمرہ کا کام متاثر ہے اور میونسل کمیٹی بانہال کا دفتر اپاہج بن کر رہ گیا ہے۔بانہال ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے صدر شمس الدین راہی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اب تک میونسپل کمیٹی کے حکام کی بے حسی اور قصبہ بانہال کی طرف ان کی عدم توجہی کے خلاف کئی بار احتجاج اور ہڑتالیں کرائیں لیکن ابھی تک میونسپل افسر اور فوڈ انسپکٹر کی اسامی خالی پڑی ہے اور عوام کو میونسپل دفتر سے متعلقہ کاموں کو انجام دینے میں سخت ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی بانہال میں ایگزیکٹیو افسر اور فوڈ انسپکٹر کے علاوہ سیکریٹری ، سنیئر اکائونٹنٹ ، ملٹی پرپز ورکر اور انہدامی کاروائی کیلئے خالی پڑی پانچ ڈیمالش گارڈوں کی اسامیاں خالی پڑی ہیں اور عام لوگوں اور تاجر برادری کو روزانہ کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار کی استدعا کے باوجود بھی نہ مقامی انتظامیہ اور ناہی ڈائریکٹر لوکل باڈیز جموں قصبہ بانہال کیلئے کوئی مثبت کارروائی کر پائے ہیں اور قصبے کے باشندے اور روانہ بانہال قصبے کا رخ کرنے والوں کو مصائب کا کاسامنا مقدر بن گیا ہے۔ انہوں نے کمشنر ہائوسنگ واربن ڈیولپمنٹ جموں سے اپیل کی کہ وہ قصبہ بانہال میں میونسپل کمیٹی میں خالی پڑی اسامیوں کو پْر کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ورنہ اس کے خلاف قصبے میں باضابطہ احتجاج بلند کیا جائے گا۔