عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں طالبات کے ہاسٹلز میں کیمپس سیفٹی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری کو مضبوط بنانے کیلئے ڈیزاسٹر رسپانس ڈرل کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مشق نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے اشتراک سے منعقد ہوئی جس میں طالبات اور عملے نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار شری ابھیشیک شرما نے تیاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مشقیں طلبہ کو عملی زندگی بچانے کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے بے حد ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقاعدہ ڈیزاسٹر رسپانس مشقوں سے نہ صرف آگاہی پیدا ہوتی ہے بلکہ طلبہ میں اعتماد بھی بڑھتا ہے اور کیمپس میں حفاظتی کلچر کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے این ڈی آر ایف ٹیم کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ڈرل کے دوران فرضی انخلا (موک ایویکیوشن)، ریسکیو آپریشنز اور ابتدائی طبی امداد (فرسٹ ایڈ) کی عملی نمائش کی گئی۔ این ڈی آر ایف ماہرین نے طالبات اور عملے کو ہنگامی حالات کے دوران حفاظتی اصولوں اور مؤثر ردعمل کے طریقہ کار سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔تقریب میں چیف پراکٹر ڈاکٹر پرویز عالم، گرلز ہاسٹل وارڈن رخسانہ ٹھاکر، فیکلٹی ممبران، یونیورسٹی عملہ اور بڑی تعداد میں طالبات نے حصہ لیا۔ شرکاء نے اس مشق کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تربیت کسی بھی ناگہانی صورتحال میں قیمتی جانوں کے تحفظ میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔