عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے اپوزیشن لیڈر سنیل شرما کو ہدف تنقید بناتے ہوئے چیلنج کیا کہ اگر وہ ایسا کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں تو نیشنل کانفرنس کے کسی بھی قانون ساز کو’خرید‘ لیں۔سرینگر میں ایک تقریب کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سریندر چودھری نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے ممبر ان اسمبلی ان لوگوں کے پابند عہد ہیں جنہوں نے انہیں منتخب کیا ہے اور انہیں سیاسی دبائو یا لالچ سے متاثر نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا’اگر سنیل شرما میں ہمت ہے تو نیشنل کانفرنس کے ممبر ان اسمبلی کو خرید لیں‘۔ نائب وزیر اعلیٰ نے ان دعوئوں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکمران کیمپ کے اندر انحراف کو انجینئر کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے قانون سازوں کو عوام نے منتخب کیا ہے نہ کہ بی جے پی نے انہیں چنا ہے ۔ چودھری نے کہا’’’ہمارے ممبر ان اسمبلی پرعزم ہیں۔ انہیں عوام نے منتخب کیا ہے۔ یہ بی جے پی ہے جو اس طرح کے ہتھکنڈوں کا سہارا لیتی ہے‘‘۔نائب وزیر اعلیٰ نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ جموں و کشمیر میں عوامی شکایات اور حکمرانی کے چیلنجوں کو دور کرنے کے بجائے منتخب حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں کئی شعبوں میں بگاڑ دیکھا گیا اور دعوی کیا کہ بنیادی عوامی خدمات کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا’’لوگوں کو پینے کا پانی بھی نہیں مل رہا ہے کیونکہ جل جیون مشن فلاپ ہو گیا ہے‘‘۔انہوں نے مزید الزام لگایا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں محکمہ تعلیم میں بھرتی ”منجمد”ہو گئی تھی، جب کہ محکمہ صحت کو افرادی قوت کی کمی کا سامنا تھا۔انہوں نے کہا ’’لوگوں کے دکھوں کو کم کرنے کے بجائے، بی جے پی صرف یہ سوچتی ہے کہ منتخب حکومتوں کو کیسے غیر مستحکم کیا جائے‘‘۔
’نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی ضرورت‘
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نائب وزیر اعلی ٰسریندر چودھری نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق ہنر مند اور تربیت یافتہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں اور خود کفیل بن سکیں۔وہ جمعہ کو سرینگر میں مختلف گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالجز اور صنعتی تربیتی اداروں(آئی ٹی آئیز)کے دورے کے دوران خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں، بنیادی ڈھانچے اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوںنے گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج گوگی باغ، گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج برائے خواتین بمنہ اور آئی ٹی آئی بمنہ کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے لیبارٹریز، ورکشاپس اور جاری تربیتی پروگراموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اداروں میں جدید مشینری اور آلات کو یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ کو معیاری عملی تربیت فراہم ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی و تربیتی نظام کو موجودہ اور مستقبل کی مارکیٹ ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے تاکہ نوجوانوں کی روزگار کی صلاحیت میں اضافہ ہو۔نائب وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ تعلیمی اداروں اور صنعتی شعبے کے درمیان مضبوط روابط قائم کیے جائیں تاکہ طلبہ کو انٹرن شپ، تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو ایسے پلیٹ فارمز فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی مہارتوں کو بروئے کار لا کر مارکیٹ میں جگہ بنا سکیں۔