پونچھ//ریاست بھر کی طرح پونچھ میں بھی نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) کے ملازمین سرکار سے تمام ملازموں کو مستقل کرنے پرکام چھوڑ ہڑتال پر ہیں۔کام چھوڑ ہڑتال کو 30روز مکمل ہونے کے بعد ایک بار پھر تمام ملازموں نے اگلے چھ روز تک مزید ہڑتال پر رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ضلع ہسپتال پونچھ کے باہر 30ویں روز دھرنے پر بیٹھے ملازمین نیاپنے مطالبات دوہراتے ہوئے کہا کہ وہ سرکار کی جانب سے ڈالے جارہے دبائو سے گھبرائے بغیر کام چھوڑ ہڑتال جاری رکھیں گے۔احتجاج میں شامل ملازمین نے کہا کہ ان کے احتجاج کا مقصد حکومت کو احساس دلانا ہے کہ وہ کسقدر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی سال سے اپنا کام نہایت ہی ایمانداری سے انجام دیتے آرہے ہیں اور اب سرکار سے انصاف طلب کر رہے ہیںتاہم اس نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔واضح رہے کہ این ایچ ایم کے ملازمین کا احتجاج 20دسمبر کو 72 گھنٹوں کی کام چھوڑ ہڑتال سے شروع ہوا تھا جسے اب30روز مکمل ہو چکے ہیں ۔این ایچ ایم ملازمین کاکہناتھاکہ انہیںدھمکی دی جارہی ہے کہ اگر وہ اپنی نوکریوں پر حاضر نہیں ہوئے تو انہیں برطرف کردیاجائے گا۔ریاضت علی میر نے کہا کہ جب تک ان کے مطالبات پورا نہیں ہوتے ، وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ معمولی رقم پر کام کررہے ہیں اور حکومت کوان کی تکالیف کی کوئی پرواہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو ان تمام ملازمین کو مستقل بنانے کے لئے اقدامات کرناہوںگے ۔انہوںنے کہاکہ اس احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی ۔