قصبہ مینڈھر میں نالیوں کی خراب حالت سے دکانداروں اور مکینوں کو نقصان، شفافیت پر زور
جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژنل مجسٹریٹ مینڈھر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے قصبہ مینڈھر میں جاری نالیوں کے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر تحصیلدار مینڈھر، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر اور ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی بھی موجود تھے۔معائنے کے دوران ایس ڈی ایم مینڈھر نے متعلقہ محکمہ کے افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولیات سے جڑے ترقیاتی کاموں میں شفافیت، مضبوطی اور معیاری مواد کا استعمال نہایت ضروری ہے تاکہ عوام کو طویل مدتی فائدہ حاصل ہو اور مستقبل میں کسی قسم کی شکایت پیدا نہ ہو۔ایس ڈی ایم نے کہا کہ مینڈھر قصبہ میں نالیوں کی حالت کافی عرصے سے خراب تھی، جس کے باعث بارش یا پانی کے بہاؤ کے دوران دکانوں اور مکانات کے اندر پانی داخل ہو جاتا تھا۔ اس صورتحال سے مقامی تاجروں اور مکینوںکو مالی نقصان کے ساتھ ساتھ روزمرہ زندگی میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ نکاسی آب کے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جائے تاکہ بارشوں کے موسم میں پانی کی نکاسی بروقت اور مؤثر طریقے سے ہو سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کام کے دوران حفاظتی اصولوں اور تکنیکی رہنمائی کو مدنظر رکھا جائے۔موقع پر موجود افسران نے ایس ڈی ایم کو یقین دلایا کہ کام کو طے شدہ معیار اور رفتار کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ مقامی لوگوں نے بھی اس معائنے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نالیوں کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد قصبہ میں پانی جمع ہونے کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو جائے گا اور انہیں درپیش مشکلات سے نجات ملے گی۔