سمت بھارگو
راجوری//فوج کی ایس آف اسپیڈز ڈویژن نے ایک ہمہ گیر اور جامع ’’انٹیگریٹڈ ہیومنٹیرین اسسٹنس اینڈ ڈیزاسٹر ریلیف‘‘ مشق کا انعقاد کیا، جس میں ٹیبل ٹاپ ایکسرسائز کے ذریعے آفات سے نمٹنے کے لئے تمام سرکاری و سول اداروں کے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کیا گیا۔ اس مشق میں فوج، سول انتظامیہ، مختلف محکموں اور خصوصی طور پر ڈیزاسٹر ریسپانس فورسز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔فوج کے مطابق یہ مشق ایس آف اسپیڈز ڈویژن، راجوری ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی جس میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس،سول انتظامیہ، جموں و کشمیر پولیس ، محکمہ صحت اور دیگر اہم تکنیکی محکموں کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔ اس مشق کا مقصد خطے میں آفات سے متعلق تیاریوں اور ردّعمل کے لئے مربوط حکومتی حکمتِ عملی کو تقویت دینا تھا۔ورکشاپ کے دوران ایک منظم ٹیبل ٹاپ ایکسرسائز منعقد کی گئی جو حقیقی اور خطرناک حالات پر مبنی تھی، جن میں لینڈ سلائیڈ، فلیش فلڈز، ڈھلوانوں کا بیٹھ جانا، جنگلات میں آگ لگنا، کلاؤڈ برسٹ اور وبائی امراض جیسی ہنگامی صورتحال شامل تھیں۔ شرکاء نے ان تمام سیناریوز کی روشنی میں ممکنہ چیلنجز اور ان سے نمٹنے کی حکمتِ عملی کا جامع تجزیہ کیا۔ایکسرسائز کے دوران مختلف ایجنسیوں نے عمل درآمد کی صلاحیت، وسائل کی مؤثر منتقلی، بین الادارتی ہم آہنگی، ضروری سپلائی چین کی تسلسل، مویشیوں کی منتقلی، بحفاظت انخلاء کے منصوبے اور عوامی رویے کے نظم و ضبط جیسے اہم پہلوؤں پر بھی غور کیا۔ اس دوران ابتدائی وارننگ سسٹمز، مشترکہ معیاری عملی طریقہ کاراور تربیت یافتہ کمیونٹی رضاکاروں کے کردار کی اہمیت کو خاص طور پر اجاگر کیا گیا۔سول انتظامیہ اور فوج کے سینئر افسران نے اس مشق میں شامل اداروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی، یکجہتی اور مقصد کے حصول میں یکسوئی کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارتی فوج، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، پولیس، محکمہ صحت اور تکنیکی اداروں کی مشترکہ قوت ہنگامی حالات میں بروقت، مربوط اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنائے گی۔مشق کے اختتام پر ایک مشترکہ عزم ظاہر کیا گیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی مشقوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا، بین الادارتی کوآرڈینیشن میکانزم کو مضبوط کیا جائے گا اور کمیونٹی سطح پر آفات سے متعلق آگاہی اور تیاریوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس مربوط حکمتِ عملی کے ذریعے راجوری اور پونچھ اضلاع میں ایک مضبوط اور لچکدار ڈیزاسٹر منیجمنٹ فریم ورک قائم کرنے کی کوششیں مزید مؤثر ہوں گی۔