یو این آئی
نئی دہلی// اپوزیشن جماعتوں کے انڈیا اتحاد نے پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے قبل منگل کو یہاں پارلیمنٹ کمپلیکس کے مکر دوار کے باہر زبردست احتجاج کیا۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے اور ڈی ایم کے کے ٹی آر بالو سمیت پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے کئی ارکان پارلیمنٹ نے احتجاج میں حصہ لیا۔ گاندھی اور مسٹر کھرگے کے ساتھ ساتھ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی، پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، پرینکا گاندھی وڈرا، ٹی آر بالو اور کئی دوسرے لیڈروں نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے ایس آئی آر کے خلاف احتجاج کیا۔ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ بہار کے بعد اب 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ایس آئی آر کا عمل جاری ہے ، جس سے ووٹروں کی ایک بڑی تعداد کو ان کے حق رائے دہی سے محروم کیا جا رہا ہے ۔ راہل گاندھی نے بعد میں سوشل میڈیا فیس بک پر احتجاج کے بارے میں اطلاعات شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انڈیا کولیشن نے آج پارلیمنٹ کے باہر ایس آئی آر کے خلاف ایک بڑا احتجاج کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا دعویٰ ہے کہ پارلیمنٹ ہندوستان کے عوام کی ہے ، لیکن ان کی حکومت عوامی مسائل کو دبانے پر بات کرنے سے گریز کرتی ہے ۔