یواین آئی
زیورخ/فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے واضح کیا ہے کہ ایران اپنے ورلڈ کپ 2026 کے میچز طے شدہ مقامات یعنی امریکا میں ہی کھیلے گا۔فیفا صدر کے اس بیان نے ان قیاس آرائیوں کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ ایران اپنے میچز امریکا کے بجائے میکسیکو منتقل کروانا چاہتا ہے ۔رپورٹس کے مطابق ایرانی فٹبال فیڈریشن نے سیکیورٹی خدشات کے باعث میچز کی منتقلی پر بات چیت کی تصدیق کی تھی، جبکہ میکسیکو کی صدر نے بھی ابتدائی میچز کی میزبانی کی پیشکش کی تھی۔تاہم جیانی انفانٹینو نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ تمام میچز ڈرا کے مطابق ہی ہوں گے اور کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی مشترکہ طور پر امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کریں گے اور ٹورنامنٹ کا آغاز 11 جون سے ہوگا۔ایران اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف لاس اینجلس میں کھیلے گا۔چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی ٹیم کو سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے بیان دیا تھا جس پر ایران کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔فیفا نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تمام ٹیمیں ایونٹ میں شرکت کریں گی اور فٹبال کو امن اور یکجہتی کے فروغ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔