تمام کشمیریوں کیلئے ضروری اقدامات کی یقین دہانی
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے انہیں جموں و کشمیر کے طلبا اور اس وقت ایران میں موجود دیگر لوگوں کی حفاظت کا یقین دلایا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے ایران میں بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکرسے بات کی اور اس وقت ایران میں جموں و کشمیر کے ہزاروں باشندوں کی حفاظت پر تشویش کا اظہار کیا ۔وزیر اعلیٰ نے ایکس پر پوسٹ میں کہا”ابھی وزیر خارجہ سے ایران میں بدلتی ہوئی صورتحال کے بارے میں بات کی، انہوں نے زمینی صورتحال اور وزارت خارجہ، جن منصوبوں پر کام کر رہی ہے، کے بارے میں اپنے جائزے کا اشتراک کیا،” ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر خارجہ جے شنکر نے انہیں یقین دلایا کہ جموں و کشمیر کے طلبا اور دیگر لوگوں ،جو فی الحال ایران میں ہیں،کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے ۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا’’ میں ان کی اس یقین دہانی کے لیے شکر گزار ہوں کہ ایران میں اب جموں و کشمیر کے طلبا اور دیگر لوگوں کے مفادات اور زندگیوں کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔”ایک اندازے کے مطابق ایران میں اس وقت 10 ہزار سے زیادہ ہندوستانی شہری بشمول طلبا موجود ہیں، جن میں جموں و کشمیر کے 2000طلاب بھی شامل ہیں۔دریں اثناء تہران میں ہندوستانی سفارتخانے نے ایک تازہ ایڈوائزری میں، تمام ہندوستانیوں بشمول طلباء، زائرین، کاروباری افراد اور سیاحوں سے ، دستیاب سہولت کے ذریعہ ایران چھوڑنے کی تاکید کی ہے ۔