عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی// بھارتی اسٹاک مارکیٹ کیلئے بدھ کا دن جشن اور خوشی کا دن ثابت ہوا۔ مشرق وسطی (امریکہ-اسرائیل-ایران) جنگ میں دو ہفتے کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد ملکی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی دیکھی گئی ہے۔ مارکیٹ کھلتے ہی سینسیکس اور نفٹی میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا، جس نے چند منٹوں میں سرمایہ کاروں کی دولت میں 14لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا اضافہ کر دیا۔ممبئی اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا بینچ مارک انڈیکس سینسیکس ابتدائی ٹریڈنگ میں 3.71 فیصد، یا 2،775 پوائنٹس کے ساتھ 77،392.31 کی انٹرا ڈے اونچائی پر پہنچ گیا۔
دریں اثنا، نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای)نفٹی بھی 3.52 فیصد، یا 815 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 23،938 پر کاروبار کرتا دکھا۔ بازار میں اس ریکارڈ اچھال سے سرمایہ کاروں کو راحت ملی ہے، کیونکہ جغرافیائی سیاسی تنا کی وجہ سے مارکیٹ گزشتہ چند سیشنز سے کافی دبا میں تھا۔مارکیٹ میں اس اضافے کی سب سے بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کے ساتھ دو ہفتے کی “دوہری جنگ بندی” کا اعلان ہے۔ امریکہ نے اپنے حملے اس شرط پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے کہ ایران فوری طور پر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دے گا۔یہ خبر آتے ہی بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ دیکھی گئی۔ برینٹ کروڈ تقریبا 15 فیصد گر کر تقریبا 91 ڈالر فی بیرل پر آگیا، جب کہ یو ایس ڈبلیو ٹی آئی کروڈ کی قیمت میں 20 فیصد کی زبردست کمی دیکھی گئی۔ یہ بھارت جیسے تیل درآمد کرنے والے ممالک کے لیے ایک بڑی راحت ہے، جس سے مہنگائی کم ہونے کی امیدیں بڑھ رہی ہیں۔مارکیٹ کے تمام بڑے شعبے آج ہرے نشان میں ٹریڈ کر رہے ہیں۔ ریئل اسٹیٹ، آٹو، بینکنگ، اور آئی ٹی اسٹاکس میں خاص طور پر چھ فیصد تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔وہیں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بھی ڈرامائی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ خام تیل کا دام کم اور ڈالر کے کمزور ہوتے ہی سونے اور چاندی جیسی دھاتوں کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ سونے کی قیمت میں تقریبا 2.5 فیصد اور چاندی کی قیمت میں 6 فیصد کا اضافہ ہوا۔ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس)پر جون فیوچر سونے کی قیمتیں 3,688 روپے یا 2.45 فیصد اضافے کے ساتھ 1,53,977 روپے فی 10 گرام کی انٹرا ڈے اونچائی پر پہنچ گئیں۔