یواین آئی
احمد آباد/آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کا تاج سر پر سجانے کے بعد ہندوستانی ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادیو نے اپنی اگلی منزل کا تعین کر لیا ہے۔ احمد آباد میں کھیلے گئے فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان نے اعلان کیا کہ اب ان کی تمام تر توجہ 2028ء کے لاس اینجلس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مرکوز ہے۔کپتان سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ماہ کا سفر ٹیم کے لئے کسی خواب سے کم نہ تھا، جہاں تمام کھلاڑیوں نے متحد ہو کر بہترین کھیل پیش کیا اور آج ورلڈ کپ کی ٹرافی اس محنت کا ثمر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “اس عالمی کامیابی کے بعد اب ہمارا اگلا بڑا ہدف اولمپک پوڈیم پر کھڑے ہو کر اپنے ملک کے لیے سونے کا تمغہ حاصل کرنا ہے۔”واضح رہے کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے 1900ء کے پیرس اولمپکس کے بعد پہلی بار کرکٹ کو دوبارہ اولمپک پروگرام کا حصہ بنایا ہے۔ سال 2028ء میں لاس اینجلس، امریکہ میں منعقد ہونے والے ان مقابلوں میں مردوں اور خواتین کے کرکٹ ایونٹس 14 سے 29جولائی تک شیڈول ہیں۔