بانہال // ضلع ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ و ٹرینگ یا ڈائٹ بانہال کی طرف سے اساتذہ کیلئے پانچ روزہ تربیتی پروگرام ہائر سیکنڈری اسکول اکڑال میں اپنے اختتام کو پہنچا جس میں ایجوکیشن زون اکڑال ، پوگل پرستان کے چالیس سے زائد اساتذہ نے شرکت کی ۔ ٹریننگ میں ماسٹر ٹرینرز نے Teaching Learning Aids کا استعمال کیا اور ان کی مدد سے بچوں کی ذہنی تربیت اور نشوونما کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور معلومات فراہم کیں گئیں – ماسٹر ٹرینرز نے ٹریننگ کے دوران مختلف طریقوں سے تجربات ومشاہدات کی بنیاد پر اساتذہ کو باور کرایا کہ Teaching Learning Aids سے بچوں کی دلچسپی بڑھانے میں مدد ملتی ہے اور زیر تعلیم سکولی بچوں کو نئے تجربات کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے۔ پرنسپل ہائر سیکنڈری اسکول اکڑال نے ٹرینگ کے اختتام پر اساتذہ کو اپنی ذمہ داری نبھانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ پوگل پرستان علاقے میں بچوں کا پڑھائی کی طرف رجحان حوصلہ افزا ہے جسے صحیح سمت دینے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے اساتذہ کو ایسے بچوں کی ذہنی نشوونما کے لئے بنیادی رول ادا کرنا چاہئے۔ کورس کوآرڈینیٹر لیکچرار منظور احمد کٹوچ نے شرکت کرنے والے اساتذہ سے کہا کہ درس وتدریس کا پیشہ پیغمبرانہ ہے اور اگر اساتذہ اس پیشے اور مقام کو سمجھیں تو قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سماج میں اچھے اور باصلاحیت اساتذہ کی قدرومنزلت اب بھی کی جاتی ہے اور مدرسین کو بھی ایک معمار قوم کی حیثیت سے اپنا رول نبھانا چاہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنے منصب کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے بچوں کی کردار سازی اور شخصیت سازی پر دھیان دیں اور ان کے فطری اور ذہنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے کلاس کے ماحول کو بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔خاص کر ان کے اخلاق وعادت کو سنوار کر انہیں ایک اچھا شہری بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل اور قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کا مستقبل ہماری مجموعی ترقی کے ساتھ مشروط ہے۔۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ دور میں اساتذہ کی ذمہ داریاں بڑھ گئیں ہیں اور درس وتدریس کے علاوہ بچوں کے عادات واطوار کو بھی سنوارنا اساتذہ کا اولین فریضہ ہے اور یہ سب تب ہی ممکن ہے جب ہم اپنے اندر احساس ذمہ داری پیدا کریں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی سماج کے اچھے شہری اسکول میں پیدا ہوتے ہیں۔لہذا استاذ کو چاہے کہ وہ اس طرف بھی اپنی توجہ مبذول کریں اور بچوں کی ذہنی وروحانی تربیت میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس ٹریننگ میں ماسٹر محمد اسحاق نائیک، نذیر احمد مغل اور خالد پرویز کٹوچ نے بحیثیت ریسورس پرسن اپنی ذمہ داری انجام دی ۔