راجوری //راجوری انتظامیہ کی جانب سے آکسیجن کی قلت کو ایمرجنسی کے دوران پورا کرنے کیلئے گزشتہ شب ’آپریشن آکسیجن ‘نامی مہم چلائی جس کی وجہ سے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں زیر علاج 80کے قریب مریضوں کی زندگی بچائی گئی ۔انتظامیہ کے مطابق گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری کیلئے آکسیجن لے کرآنے والے ٹرک سے اکھنور اور سندر بنی کے درمیان رابطہ منقطع ہونے کے بعد شعبہ صحت نے ضلع انتظامیہ سے ہنگامی بنیادوں پر آکسیجن فراہمی کا مطالبہ کیا جس کے دوران جموں پونچھ شاہراہ کر ٹرک کی تلاش شروع کی گئی لیکن کامیابی جلد متوقعہ نہ ہونے کے بعد انتظامیہ نے ’اپریشن آکسیجن ‘نامی مہم چلائی جس کے دوران پولیس او ر سیول انتظامیہ نے ضلع کے مختلف علاقوں میں قائم کر دہ ہسپتالوں و نجی کلینکوں سے آکسیجن سلنڈر راجوری میڈیکل کالج پہنچنے کا عمل شروع کیا ۔سرکاری حکام کے مطابق آکسیجن والا ٹرک منگل کی شام 9بجے تک راجوری پہنچنے کی امید تھی تاہم 11بجے تک انتظار کرنے کے بعد محکمہ صحت نے سیول انتظامیہ سے رابطہ کیا جس کے بعد انتظامیہ نے پولیس کی ایک ٹیم کو شاہراہ پر ٹرک کی تلاش کیلئے بھیجا لیکن جلدکوئی نتیجہ نہ نکلنے پر انتظامیہ نے ضلع کے مختلف علاقوں میں قائم طبی اداروں سے سلنڈر میڈیکل کالج منتقل کروانے کا عمل شروع کیا ۔اس مہم کو ’اپریشن آکسیجن ‘کا نام دیا گیا جسکے دوران کالا کوٹ ،نوشہرہ ،سندر بنی ،منجاکوٹ ،تھنہ منڈی علاقوں سے پولیس نے سلنڈروں کو جمع کر کے میڈیکل کالج پہنچایا تاہم اس دوران پولیس نے آکسیجن ٹرک کو بھی سندر بنی علاقہ میں باز یاب کرلیا جبکہ صبح 5بجے اپریشن کو مکمل کرلیا گیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کی قیادت میں شروع کر دہ اپریشن کی کامیابی سے 80کے قریب مریضوں کی جان بچائی گئی ۔