گول؍؍گول ارناس میں اٹھارہ سال سے لوگوں کو استحصال شکار بنایا جا رہا ہے اور صرف ووٹ حاصل کیاگیا اور زمینی سطح پر لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔ ان باتوں کا اظہار ڈی ڈی سی ممبر ڈاکٹر شمشادہ شان نے سب ڈویژن گول کے اندھ نیابت میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے لوگوں کے مسائل کا جائزہ لیا اور اس بات پر سخت تشویش کااظہارکیاکہ عوام کے ساتھ ہمیشہ دھوکہ کیا گیا اور زمینی سطح پر لوگ آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔اس موقعہ پر لوگوں نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے کہ علاقہ میں سابق ایم ایل اے نے ہائر سکینڈری سکول کا اعلان کیا اور افتتاح بھی کیا لیکن وہ صرف دکھاوا تھا اب بھی اس کا درجہ نہیں بڑھایا گیا اس طرح سے بہت سارے کاموں کے لئے صرف وعدے کئے اور عوام سے ووٹ حاصل کئے گئے لیکن زمینی سطح پر کچھ نہیں ہو رہا ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ گول اند ھ روڈ کو کافی عرصہ پہلے زمین کی کٹائی کی گئی لیکن وہ ویسا ہی پڑا ہے اور نا جانے اس کو ادھورا کیوں چھوڑا گیا اور بعد میں معلوم ہوا ہے کہ یہ کٹائی صرف دکھاوے کے لئے تھی اور پی ڈبلیو ڈی کے پاس بھی کوئی انڈینٹ نہیں تھا اس کا جس وجہ سے اس روڈ کی کٹائی سے یہاں سے لوگوں کے رہائشی مکانات اور زرعی اراضی کو بھی کافی نقصان پہنچا لیکن اس کے با وجود روڈ کو نا تو قابل آمد رفت بنایا گیا اور نہ ہی اس کو اندھ کے ساتھ مکمل طو رپر ملایا گیا ۔اس طر ح سے بجلی کا بھی برا حال ہے آج اکیسویں صدی میں بھی سر سبز درختوں اور عارضی کھمبوں کے ساتھ بجلی کی ترسیلی لائنیں لٹکی ہوئی ہیں ۔ لوگوں نے کہاکہ پینے کے پانی کی بھی علاقے میں کافی قلت ہے اور یہاں پر لوگوں نے فوڈ اسٹور ، ہسپتال ، ہائر سکینڈری سکول کے علاوہ دیگر بنیاد ی سہولیات کی مانگ کی ہے ۔ اس موقعہ پر ڈی ڈی سی ممبر نے لوگوں کے مسائل بغور سنے اور علاقے میں زمینی سطح پر بہت ساری جگہوں کا پیدل دورہ بھی کیا اور مسائل کا جائزہ لے کر لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کے مسائل جلد از جلد حل کئے جائیں گے اور یہ مسائل وہ اعلیٰ حکام کی نوٹس میں بھی لائیں گے اور انتظامیہ کے ساتھ بھی اس بارے بات کریں گی۔