جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور رائے بھٹناگر نے کہا کہ آیوش اِدارے جموںوکشمیر کے دُور دراز اور دُور اُفتادہ علاقوں میں میڈیکل کیئر سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار اَدا کر رہے ہیں۔اِن باتوں کا اِظہار مشیر راجیور ائے بھٹناگر نے گورنمنٹ آیورویدک ہسپتال اِندرا چوک میں ساتویں قومی یوم آیوروید تقریبات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔اِس برس قومی یوم آیوروید کا موضوع ’’ ہر گھر ہر دِن آیوروید ‘‘ ہے۔مشیر موصوف نے اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کووِڈ۔19 وَبائی مرض کے دوران آیوش کے کردار کو سراہا۔ اُنہوںنے کہا کہ دُور دراز علاقوں میں واقع آیوش اِدارے اِن علاقوں کے لوگوں کو صحت بنیادی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔اُنہوں نے آیوروید کی مختلف شکلوں پر بات کرتے ہوئے آیوش ڈاکٹر وں پر زور دیا کہ وہ آیوش خدمات فراہم کریں اور عوام کی خدمت کے لئے ہروقت دستیاب رہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ آیوش میڈیکیئر کی مانگ بڑھ رہی ہے اور لوگ آیوش ہیلتھ کیئر میں اعتماد پیدا کر رہے ہیں۔اِس موقعہ پر مشیرراجیو رائے بھٹناگر نے آیوروید صحت کی تعلیم کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ آیوروید صحت کی تعلیم کو یوگا سیشن کا حصہ ہونا چاہیے اور اسے سکولی نصاب میں شامل کرنا چاہیے۔بعد میں مشیر موصوف نے گورنمنٹ آیورویدک ہسپتال کے مختلف شعبوں کا بھی معائینہ کیا اور ہسپتال کے مختلف حصوں کی طرف سے فراہم کی جارہی خدمات کے حوالے سے میڈیکل اَفسران ، پیرا میڈیکل سٹاف اور مریضوں سے بات چیت کی۔مشیر موصوف نے قومی یوم آیوروید تقریبات کے ایک حصے کے طورپر گورنمنٹ آیورویدک ہسپتال کے آروگیہ واٹیکا میں پوتردرخت بھی لگایا۔ دورانِ پروگرام ایک ویڈیو دستاویزی فلم ’’ آیوش اتکرش۔ جموںوکشمیر میں آیوش سیکٹر کی ترقی کی کہانی‘‘ بھی دِکھائی گئی جس میں گورنمنٹ آیورویدک ہسپتال کے علاج کے مختلف طریقہ کار اور آپریشنز پر زور دیا گیا اور آیوش کس طرح لوگوں کی زندگی کو بدل رہا ہے۔گورنمنٹ آیورویدک میڈیکل کالج کے طلباء نے آیوروید پر ایک سکٹ بھی پیش کیا اور اِس موقعہ پر یوگا کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔پروگرام میں ڈائریکٹر آیوش جموںوکشمیر ڈاکٹر موہن سنگھ، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ گورنمنٹ آیورویدک ہسپتال ، میڈکل اَفسران،پیرا میڈکل سٹاف ، طلباء ، آیورویدک آرگنائزیشنوں اور ریجنل ریسرچ اِنسٹی چیوٹ آف آیوروید کے نمائندوں نے بھی حصہ لیا۔