جموں//آیوش کے مرکزی وزیر مملکت پد نائیک نے جموں میں گورنمنٹ آیور ویدک ہسپتال کے احاطے میں گورنمنٹ آیور ویدیک میڈیکل کالج کے آف کیمپس کا افتتاح کیا ۔اس عمارت کی تعمیر پر 32 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ 2منزلہ میں تمام جدید سہولیات دستیاب رکھی گئی ہے ۔ 2017ء میں مرکزی سرکار کی منظوری ملنے کے بعد گورنمنٹ آیورویدیک میڈیکل کالج کی عمارت پر کو اکھنور میں تعمیر کیا جارہا ہے ۔افتتاحی رسم کے موقعہ پر وزیر اعظم کے دختر میں وزیر مملکت جتندر سنگھ ، وزیر صحت بالی بھگت ، وزیر مملکت آسیہ نقاش ، ممبر پارلیمنٹ جُگل کشور شرما ، ارکان قانون سازیہ راجیش گپتا ، کرشن لال بھگت ، رومیش اروڑہ اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت نے کہا مرکزی سرکار جموں وکشمیر میں آیوش کو فروغ دینے کی وعدہ بند ہے ۔ اُنہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں مرکزی سرکار، ریاستی سرکار کی تجاویز پر ہمدردانہ غور کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آیوش طرزِ علاج کو ملک میں کافی مقبولیت ملی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی والی سرکار میں اس کے لئے آیوش کی ایک علاحدہ وزرات کا قیام عمل میں لایا گیاہے۔ریاست میں نیشنل انسٹی چیوٹ آف آیور ویدا کے قیام کے ریاستی وزیر صحت بالی بھگت کے مطالبے کے ردِّ عمل میں مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کشتواڑ اور کپواڑہ میں 50-50 بستروں والے آیورویدک ہسپتالو ں کے قیام کے لئے لوازمات پورا کرنے پر بھی زور دیا۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے آیور ویدک کالج کے قیام کے لئے جموں کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ پوری ہوتی ہے ۔اُنہوںنے صحت شعبے کو استوار کرنے کے لئے ریاستی وزیر صحت بالی بھگت کی کاوشوں کی سراہناکی۔ریاست میں آیورویدک کالج کے قیام اور اس شعبے کی بہتری کے لئے مرکزی سرکار کی معاونت کے لئے بالی بھگت نے مرکزی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ اُنہوںنے اس شعبے کو فراموش کرنے کے لئے سابق حکومت کی نکتہ چینی کی۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صحت کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے ریاست میں آیوش شعبے کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس موقعہ پر جُگل کشور شرما ، پون کوتوال اور روشن جگی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب پر رنگارنگ تمدنی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔