سرینگر//محکمہ دیہی ترقی میں سی آئی سی (کمیونٹی انفارمیشن سینٹر )آپریٹروں نے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ محکمہ دیہی ترقی میں کام کر رہے ان کمیونٹی انفارمیشن سینٹر (سی آئی سی) آپریٹرز کا کہنا ہے کہ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں،تاہم اس کے باوجود انہیں قلیل تنخواہیں فراہم کی جاتی ہیں۔ سی آئی سی کے 172 آپریٹرز 2004 سے کنٹریکچول بنیادوں10ہزار ماہانہ مشاہیرے پر کام کر رہے ہیں ۔ قابل رسا دستاویزات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے سال 2003-4 میں اخبارات میں مناسب اشتہار دینے اور اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کرنے کے بعد سی آئی سی آپریٹرز کی تقرریوں کو عمل میں لایا گیا تھا۔ان کی بھرتی اہلیت میرٹ کی بنیاد پر اسی برس متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر وںکی سربراہی میں حکومت جموں و کشمیر کی تشکیل کردہ ضلعی سطح پر تقرری کمیٹی کے ذریعے مناسب بھرتی کے طریقہ کار کے ذریعے کی گئی تھی۔ سی آئی سی آپریٹرز تکنیکی اعتبار سے بہت موثر ہیں اور وہ محکمہ جاتی پورٹلز جیسے آن لائن کاموں کو سنبھال رہے ہیںجن میں ای گرام سوراج ، اسٹیٹ بینک ، پی ایم اے وائی ، پیپلز پلان مہم (سب کی یوجنا سب کا وکاس) ، جی پی ڈی پی ، مشن انتو دیا پی ایف ایم ایس اور ای گورننس سے متعلق دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔ یہ آپریٹر تمام دفتری اسائنمنٹس کے علاوہ بلاک ،ضلعی نظامت ، سیکرٹریٹ سطح پر انتخابات ، اسٹیبلشمنٹ ، اکاؤنٹس ، کام وغیرہ بھی ان کے ذریعہ انجام پائے جاتے ہیں۔سی آئی سی آپریٹرز ایسوسی ایشن کے صدر نعیم صدیق نے کہا کہ انہوں نے معمولی تنخواہ پر آر ڈی ڈی کی بہتری کے لئے 17 سال تک خدمات انجام دی ہیں اور ان مشکل ایام میں معمولی تنخواہ کے ساتھ ان کی بقاء ایک چیلنج بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ٹیک ، ایم ایس سی آئی ٹی ، بی ای اور بی ٹیک ڈگری لیکن اس کے باوجود انہیں معمولی ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا’’پچھلے 12 سالوں سے ہماری تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا گیا اور ہماری آواز کو دبایا جارہا ہے۔، نعیم نے تنخواہوں میں10ہزار سے25ہزار روپے کے اضافے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ اہل خانہ کی ضروریات کو پورا کرسکیں۔