ایجنسیز
بنگلورو// بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویویدی نے جمعرات کو کہا کہ آپریشن سندھور نے بھارت کی ’ڈومین جوائنٹنس‘ کی جانب پیش رفت کو ظاہر کیا ہے اور پاکستان کے اندر کی گئی فوجی کارروائی کو آپریشنل انضمام کی اہمیت کی ایک اہم مثال قرار دیا۔گزشتہ سال مئی میں بھارت نے 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد، جس میں 26 بھارتی سیاح ہلاک ہوئے تھے، پاکستان میںملی ٹینٹوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے فوجی کارروائی کی تھی۔جنرل دویویدی نے کہا، ’’آپریشن سندھور بھارت کی ڈومین جوائنٹنس کی جانب پیش رفت کا سب سے طاقتور ذریعہ تھا، لیکن ہمیں مکمل ڈومین انضمام اور ہم آہنگی حاصل کرنا ابھی باقی ہے۔‘‘وہ یہاں ’’رن سمواد‘‘ فورم میں ’’ملٹی ڈومین آپریشن (ایم ڈی او) میں زمینی افواج کے تصور‘‘کے موضوع پر خطاب کر رہے تھے۔ آرمی چیف نے کہا کہ ان کے نزدیک ایم ڈی او کا تصور یہ نہیں کہ چھ مختلف ڈومین الگ الگ کام کریں، بلکہ یہ کہ سب ایک مسلسل متحرک تعامل میں ہوں جہاں وزن اور قیادت بدلتی رہے۔انہوں نے زور دیا کہ جدید جنگ اب جغرافیائی حدود یا کسی ایک فوجی شعبے کی برتری تک محدود نہیں رہی، بلکہ مختلف ڈومینز، اسٹیک ہولڈرز اور تنازع کے مختلف درجات کے درمیان مسلسل تعامل سے متعین ہوتی ہے۔انہوں نے کہا، ’’ہم ایک منتشر، غیر اعلانیہ، کثیر محاذی اور کثیر ڈومین جنگ کے دور سے گزر رہے ہیں۔ سوال یہ نہیں کہ ڈومینز آپس میں کیسے جڑتے ہیں، بلکہ یہ ہے کہ میدان جنگ میں اس تعامل کو کس طرح منظم کیا جاتا ہے۔‘‘جنرل دویویدی نے لینڈ ڈومین اور لینڈ فورسز کے درمیان فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ پہلا اصطلاحی طور پر آپریشنل میدان کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ دوسرا ان تمام عناصر کو بیان کرتا ہے جو چھ ڈومینز—زمین، فضا، سمندر، سائبر، خلاء اور ادراکی میدان—میں مشترکہ ماحول میں کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ڈومینز اب الگ تھلگ نہیں رہے بلکہ متحرک ہم آہنگی کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ بدلتے ہوئے میدان جنگ کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم ڈی او نے جنگ کو ایک تہہ دار، سہ جہتی ساخت میں تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا، ’’ایم ڈی او میں میدان جنگ اب نقشے پر ایک لکیر نہیں رہا۔ یہ ایک سہ جہتی نظام ہے—جہاں سائبر اثرات ادراکی میدان کو متاثر کرتے ہیں، خلائی وسائل اہداف کی نشاندہی کرتے ہیں، اور الیکٹرانک وارفیئر ہر فریکوئنسی پر بیک وقت مقابلہ کرتی ہے۔