راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری نے آپریشن تعمیر کے نام سے 100سکولوں کیلئے عمارتوں کی تعمیر عمل میں لائی ہے جن کی تکمیل تین ہفتوں کے اندر ہوجائے گی ۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی قیادت میں ضلع انتظامیہ نے 2017کے اواخر میں ایک سروے کیا جس دوران پایاگیاکہ ضلع میں ایک سو سکول بغیر عمارتوں کے ہیں جن میں سے بیشتر میں کلاسیں کھلے آسمان تلے لی جارہی ہیں اور یاپھر ایک کمرے کے اند ر۔ذرائع نے بتایاکہ ضلع انتظامیہ کی طرف سے آپریشن تعمیر کے نام سے ان سکولوں کیلئے عمارتوں کی تعمیر کاکام شروع کیاگیا اور محکمہ جات نے مختلف سکیموں کے تحت کانور جنس کے ذریعہ تعمیر کا آغا زکیا جو اب آئندہ ہفتوں مکمل ہونے جارہاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ چھ ماہ کی مختصر مدت کے دوران اسی عمارتوں کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے جبکہ مزید بیس کا کام تین ہفتوں کے اندر مکمل ہونے جارہاہے جس سے طلباء کے بیٹھنے کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے بتایاکہ بیس سکولوں کاکام تکمیل کے مرحلے کے نزدیک ہے جبکہ باقی کا کام مکمل ہوگیاہے ۔ انہوںنے بتایاکہ تعمیر آپریشن کانور جنس کے ذریعہ شروع کیاگیا اوراس سے عمارتوں کی کمی کے بحران کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔