بھدرواہ //بھدرواہ میں آفات سماوی سے نمٹنے کے لئے منعقدہ دو روزہ تربیتی کم پالیسی ورکشاپ کا اختتام ہوگیا۔اس دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے این ڈی ایم اے کیمونٹی ہال کوٹلی کی ہدایت پر کیا جس میںمختلف تعلیمی اداروں کے 200سے زائد طالب کے علاوہ مقامی لوگوں اور مختلف محکموں کے نمائندوں بشمول پولیس، سی آر پی ایف اور فوج نے شرکت کی ۔ورکشاپ کا افتتاحی خطبہ اے ڈی سی بھدرواہ امام دین کچلو نے دیا تھا جنہوں نے آب و ہوا کے بدلتے مدعوں اور آفات سماوی کے اُبھرتے ہوئے مدعوں کی اہمیت بیان کی۔انہوں نے بدلتے ہوئے آب وہوا پر سنجیدگی سے غور کرنے پر زور دیا۔ ورکشاپ کا مقصد سماج کے مختلف طبقوں میں بیداری پیدا کرنا اور انہیں کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لئے بنیادی مینجمنٹ کی تربیت فراہم کرنا تھا ۔ ورکشاپ کے دوسرے روز ایس ڈی آر ایف، سی آر پی ایف اوربھارتیہ ودیا مندر کے طلاب نے ایک ماک ڈرل کا اہتمام کیا۔اسکے علاوہ گرلز و بوائز ہائر سیکنڈری سکولوں کے طلاب نے ڈیزاسٹر کے مُختلف اقسام کی مصوری کے ذریعہ سے نمائش بھی کی۔اس موقعہ پر بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او آر پی کھجوریہ ،دانشور عارف رانا ، اے ای ای آبپاشی ،انچارج فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز ذاکر حُسین، طالبہ پریا چاڑک،ایس ڈی آر ایف کے وجے کمار، نائب تحصیلدار دنیش انتھل، اور سی آر پی ایف کے مکیش کمار نے بھی ڈیزاسٹر سے قبل احتیاط برتنے پر لیکچر دیا ۔پروگرام میں نظامت کے فرائض عارف رانا نے انجام دئے جبکہ پورے پروگرام کا اہتمام نائب تحصیلدار دنیش انتھل نے کیا ۔آخر پر تحصیلدار بھدرواہ مسعود احمد نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔