نئی دہلی//یو این آئی// وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز کہا کہ آسام کو کثیر جہتی رابطے کے نظام سے منسلک کیا جارہا ہے جس سے خطے میں سیاحت اور تجارت کو فروغ ملے گا اور لوگوں میں خوشحالی آئے گی۔ مسٹر مودی نے گوہاٹی کے آس پاس واٹر سپلائی سروس ، دھبری پھولباڑی پل کے سنگ بنیاد اور ماجولی پل کے بھومی پوجن کے بعد منعقدہ تقریب سے ویڈیو کانفرنسنگ کے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برہم پتر ندی میں رابطہ سڑک کا جتنا کام ہونا چاہئے تھا وہ نہیں ہو ا ۔ اب اس سمت میں تیزی سے کام کیا جا رہا ہے ۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے اس خطے میں جغرافیائی اور ثقافتی فاصلے کو کم کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب آسام کی ترقی بھی ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے لئے دن رات کوشیش بھی کی جا رہی ہیں ۔ گزشتہ پانچ برسوں میں آسام کے ملٹی ماڈل کنیکٹیوٹی کو دوبارہ قائم کرنے کے لئے ایک کے بعد ایک قدم ا ٹھائے گئے ہیں ۔