کشتواڑ//ضلع صدر مقام کشتواڑ سے چالیس کلومیڑر دور سب ڈویژن چھاترو کے 4 دیہات میں آزادی کے ستر سال بعد بجلی پہنچائی گئی جس کے بعد ان علاقہ جات میں خوشی کی لہر پائی جارہی ہے۔کئی سال قبل ان علاقوں میں شلاکہ کمپنی نے کھمبے اور تاریں لگانے کا کام کیا تھا لیکن متعدد مرتبہ کام کو بند کردیا گیا اور اب جے کے پی ڈی سی ایل نے ان علاقہ جات کو روشن کردیا۔وٹسر، پیٹھگام، بونگام و چناڈنڈو علاقہ جات میں آج تک بجلی نہیں تھی جبکہ 100کے قریب مکین ان علاقوں میں زندگی بسر کررہے ہیں جنہیں سخت مشکلات سے دوچار ہوناپڑتا تھا۔ضلع ترقیاتی کمشنر اشوک کمار نے علاقہ کا دوہ کیا اور علاقہ میں بجلی بلب جلاکر اسکا افتتاح کیا۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگرچہ انھوں نے بجلی کی فراہمی کو لیکرکوئی دروازہ نہیں چھوڑا تھا لیکن باوجود اسکے انکے ساتھ صرف وعدے ہی کئے جاتے تھے تاہم کئی برسوںکی محنت آج رنگ لائی اور ان علاقہ جات میں بجلی فراہم کی گئی جو خوشی کی بات ہے ۔کرشن لال نامی شخص نے بتایا کہ انھوں نے اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ گھر میں بجلی کا بلب جلتے دیکھا اور آج انھیں بہت خوشی محسوس ہورہی ہے جبکہ یہاں کی عوام سولر یا پھر لکڑی جلاکر گزراکرتے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ اب لگ رہا ہے کہ گائوں میں ترقی ہورہی ہے۔لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک شرما و متعلقہ محکمہ کے افسران کا شکریہ ادا کیا کہ انکی ذاتی دلچسپی کے سبب علاقہ روشن ہوسکا۔انھوں نے علاقہ میں دیگر بنیادی سہولیات کو بھی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ غریب عوام کو مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔