راجا ارشاد\
گاندربل//گاندربل کے آرہامہ جنگلات میں منگل کی شام فائرنگ کے مختصر تبادلے کے دوران ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ مارا گیا۔بدھ کی صبح فوج کی چنار کور نے ایکس پر تحریر کیاکہ 31 مارچ کی رات گاندربل کے آرہامہ میں وقفے وقفے سے جاری فائرنگ کے درمیان محاصرے کو سخت کیا گیا۔فوجی دستوں نے مثبت طریقے سے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔
اس سے قبل پولیس نے بتایا تھا کہ 31 مارچ منگل کی شام ساڑھے 8بجے آرہامہ میں مخصوص انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر پولیس، فوج کی 2 آسام رائفلز اور سپیشل آپریشن گروپ کی مشترکہ پارٹیوں نے جنگلاتی علاقہ کو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائی شروع کی۔اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔جس کے ساتھ ہی پورے علاقے کے ارد گرد محاصرے کو مزید سخت کردیا گیا۔منگل کی شام آپریشن اندھیرے کی وجہ سے روک دیا گیا اور بدھ کی صبح روشنی کی پہلی کرن کے ساتھ ہی دوبارہ شروع کردیا گیا۔جھڑپ کے مقام پر ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ کی لاش برآمد کی گئی جس کی تحویل سے AK 47 تین میگزین اورکھانے پینے کی اشیا بازیاب کی گئی۔ پولیس نے معاملے کی نسبت مقدمہ زیر نمبر 49/2026 پولیس سٹیشن گاندربل میں درج کرلیا۔