عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//رئیل کشمیر فٹ بال کلب (آر کے ایف سی) آج نو تشکیل شدہ انڈین فٹ بال لیگ (آئی ایف ایل) کے اپنے پہلے میچ میں ڈیمپو سپورٹس کلب کا سامنا کرے گا۔ یہ مقابلہ آج یعنی اتوار کوگوامیں کھیلا جائے گا۔کشمیر سے تعلق رکھنے والا یہ کلب گزشتہ کئی برسوں سے آئی لیگ میں جموں و کشمیر کی واحد نمائندگی کرتا رہا ہے۔ بھارت کے اعلیٰ درجے کے فٹبال مقابلوں میں شامل آئی لیگ کو اس سیزن سے انڈین فٹبال لیگ کا نام دیا گیا ہے۔پری میچ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آر کے ایف سی کے ہیڈ کوچ اشفاق احمد نے کہا کہ ٹیم ایک مضبوط حریف کے خلاف سخت مقابلے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا’’ڈیمپو اسپورٹس کلب معیاری فٹبال کھیلنے کی طویل تاریخ رکھتا ہے۔ وہ خاص طور پر اپنے ہوم گراؤنڈ پر بہترین کارکردگی دکھاتے ہیں۔ ہم ایک سنسنی خیز اور مسابقتی مقابلے کی توقع کر رہے ہیں‘‘۔انہوں نے اعتراف کیا کہ گوا کا موسم مہمان ٹیم کے لیے چیلنج بن سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا’’یہاں درجہ حرارت کافی زیادہ ہے جو خاص طور پر ٹھنڈے علاقوں سے آنے والی ٹیموں کے لیے موزوں نہیں۔ تاہم ہمارے کھلاڑی ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور ہم اچھی کارکردگی کے لیے پُرامید ہیں‘‘۔کوچ نے ملک میں مسابقتی فٹبال کی واپسی کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ طویل وقفے کے بعد دونوں بڑی لیگز دوبارہ شروع ہو چکی ہیں۔ارشاد شال کی ملکیت میں چلنے والا آر کے ایف سی جموں و کشمیر میں فٹبال کے فروغ کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔ ٹیم میں مقامی باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ قومی اور بین الاقوامی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔آر کے ایف سی کے کھلاڑی محمد انعام نے ڈیمپو کو سخت حریف قرار دیتے ہوئے ٹیم کی تیاریوں پر اعتماد ظاہر کیا۔انہوں نے کہا’’یہ سیزن کا ہمارا پہلا میچ ہے اور وہ بھی اوے گیم ہے۔ موسم بھی ہمارے مانوس حالات سے مختلف ہے، لیکن ہم اچھا فٹبال کھیلنے کے لیے پُرعزم ہیں اور امید ہے کہ اپنے حامیوں کو مایوس نہیں کریں گے‘‘۔انہوں نے وادی میں موجود شائقین سے اپیل کی کہ وہ ٹیم کی حمایت جاری رکھیں اور سیزن کے آغاز پر سوشل میڈیا کے ذریعے ٹیم کا ساتھ دیں۔میچ شام 4 بجے شروع ہوگا اور مختلف چینلز پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔