سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے کہا ہے کہ ہند پاک دوستی میں آر پار کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کا راض مضمر ہے۔ انہوں نے آر پار کے تمام پرانے تجارتی راستوں کو جلد از جلد کھولنے کا مطالبہ کیا۔ساگر نے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران کہا کہ جموں کشمیر کی تینوں خطوں کی انفرادیت، و حدت،شناخت اور بھائی چارہ کے علاوہ یکساں ترقی نیشنل کانفرنس کا بنیادی ایجنڈا اور نیا کشمیر کا منشور رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی قیادت چٹان کی طرح اپنے منشور پر قائم ہے اور جموں کشمیر کی تشخص،انفرادیت اور مسلم اکثریت کیلئے ہر طبقے نے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر نہایت مسرت کا اظہار کیا کہ ہند پاک کی دوستی میں نئی روح پھونک دی گئی ہے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان خوشگوار ماحول اور اعتماد سازی سے برصغیر کے امن کی ضمانت دی جاسکتی ہے۔ساگر نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے سربرہاں مملکت اپنے تمام حل طلب مسائل کے تصفیہ کیلئے صیح معنوں میں کوشش کریں تاکہ ہند پاک کے کروڑوں عوام کو راحت کی سانس نصیب ہو۔ ساگر نے سرحدوں پر کشیدگی کے ماحول میں کمی اور خاموشی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سرحدی عوام کو راحت فراہم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ شیخ محمد عبداللہ (مرحوم)نے ہمیشہ ہند پاک دوستی کی وکالت کی اور وہ ہمیشہ کہتے تھے کہ مضبوط پاکستان مضبوط ہندوستان کی نشانی ہے۔