پونچھ//حد متارکہ پر کئی سیکٹروں میں کشیدگی کے باوجود آر پارسوموار سے تعطل کاشکار بننے والی آر پار تجارت بحال ہوگئی ۔واضح رہے اس ہفتے کے تین دن یہ تجارت کشیدگی کی وجہ سے نہیں ہوپائی تھی تاہم اسے جمعہ کے روز بحال کردیاگیا جس دوران کئی مالبردار ٹرک سامان لیکر حد متارکہ کے آر پارہوئے ۔کسٹوڈین چکاں دا باغ ٹریڈ سنٹر تنویر احمد نے بتایا کہ سوموار کو حدِ متارکہ پر گولہ باری کے بعد راہِ ملن بس سروس ملتوی ہوگئی تھی جس کے بعد آر پار تجار ت بھی لگاتار تین روز تک بند رہی۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے لگاتار کوشش کی جاتی رہیںاور جمعہ کو دوبارہ آر پار تجارت شروع ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران تیس مالبردار ٹرک جن میں سبزیا ں،پھل اور دیگر اشیاء تھیں، چکاں داباغ ٹریڈ سینٹر سے پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے راولاکوٹ کو روانہ کئے گئے جبکہ راولاکوٹ انتظامیہ کی جانب سے چکاں داباغ ٹریڈ سینٹر میں 19مالبردار ٹرک پہنچے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بار سوموار کو حسب معمول بس سروس بھی آر پار ہوگی۔