بانہال// جموں سرینگر شاہراہ کے رام بن بانہال سیکٹر میں منگل کی صبح سے ہی بارشوں کا سلسلہ شام پانچ بجے تک جاری رہا تاہم بارشوں کی وجہ سے شاہراہ پر کسی قسم کی کوئی پسی نہیں گری اور گاڑیوں کی آمد ورفت جاری رہی۔البتہ پیر کی رات سے رام بن بانہال سیکٹر میں شدید ٹریفک جام کا سلسلہ منگل دوپہر بعد تک جاری رہا۔ ٹریفک جام کی وجہ سے مسافروں کو تین چار گھنٹوں تک پھنسے رہے۔ کئی مسافروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ پنتھیال اور رام بن کے درمیان کم از تین گھنٹے تک درماندہ رہے کیونکہ شاہراہ کے کئی کلومیٹر کے طویل حصے پر شدید ٹریفک جام تھا۔ منگل کی صبح سے رام بن بانہال سیکٹر میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شام پانچ بجے تک جاری رہا تاہم بارشوں سے شاہراہ متاثر ہوئے بغیر قابل آمدورفت رہی۔ ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ آج یعنی بدھ کے روز ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان شاہراہ ہفتہ وار ضروری مرمت کی وجہ سے ٹریفک کیلئے بند رہے گی اور کسی بھی قسم کے ٹریفک کو جموں اور سرینگر سے نہیں چھوڑا جائے گا۔