کسانوں کو زرعی سرگرمیاں آج دوپہر تک جاری رکھنے کا مشورہ
عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//محکمہ موسمیات سری نگر نے اتوار کے روز پیش گوئی کی ہے کہ آج یعنی 27اپریل سے کئی مقامات پر ابر آلود موسم، ہلکی بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سری نگر ڈاکٹر مختار احمد کے مطابق آج یعنی27اور 28اپریل کو عموماً آسمان ابر آلود رہے گا اور دوپہر و شام کے اوقات میں ہلکی بارش اور گرج چمک کے امکانات ہیں، جبکہ 29اور 30اپریل کو جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ یکم اور 2مئی کو دوبارہ موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ 3 اور 4 مئی کو کئی مقامات پر ہلکی بارش اور گرج چمک کے نئے سلسلے کی توقع ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آج یعنی 27اپریل کی دوپہر تک دستیاب خشک موسم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیاںجاری رکھیں۔محکمہ نے جموں، کٹھوعہ، سانبہ، ریاسی اور ادھم پور اضلاع میں آئندہ دو دنوں کے دوران گرم اور خشک موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئےآج یعنی 27اپریل کو بعض مقامات پر ہیٹ ویو (شدید گرمی) کا انتباہ بھی جاری کیا ہے۔عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شدید گرمی کے اوقات میں دھوپ سے بچیں اور پانی، او آر ایس اور لسی جیسے مشروبات کا زیادہ استعمال کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی سے بچا جا سکے۔