کوٹرنکہ //محکمہ آبپاشی کی بدھل سے کیول جانے والی آبپاشی نہر خشک ہونے کی وجہ سے کسانوں کی دھان کی فصل خراب ہو نے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے تاہم کسانوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے ان کی محنت رائیگاں جارہی ہے ۔کسانوں نے بتایا کہ مذکورہ آبپاشی نہر کی مددسے کیول اور سے کے ملحقہ علاقوں میں 500ہیکٹر زراعی اراضی سیراب کی جارہی تھی لیکن حالیہ کئی عرصہ سے مذکورہ نہر پوری طرح سے خشک ہو گئی ہے تاہم ملازمین اس کی بحالی کیلئے کوئی بھی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔اس سلسلہ میں بولتے ہوئے سماجی کارکن و سرپنچ فاروق انقلابی نے کہا کہ لوگ محکمہ کی نااہلی کی وجہ سے بالٹیوں کی مدد سے کھیتوں کو سیراب کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کسانوں سے ٹیکس وصول کرتا ہے لیکن ان کو بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں سے متعلقہ محکمہ کے سنیئر آفیسران سے آبپاشی نہر کی مرمت کی مانگ کی جارہی ہیں تاہم ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔کسانوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آبپاشی نہر کی جلداز جلد مرمت کی جائے تاکہ ان کی فصل تباہ ہو نے سے بچ سکے ۔