یواین آئی
نئی دہلی/ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی ) کے نائب صدر راجیو شکلا نے ٹی-20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت سے متعلق مسائل کے حل پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے کردار کی بھرپور ستائش کی ہے ۔ انہوں نے اسے تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے ’’بڑی کامیابی‘‘اور کرکٹ کے مفاد میں بہترین فیصلہ قرار دیا ہے ۔لاہور میں آئی سی سی حکام کی پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز کے ساتھ ہونے والی بات چیت پر ردعمل دیتے ہوئے راجیو شکلا نے کہا کہ تمام فریقین نے کھیل کو ترجیح دی ہے ۔راجیو شکلا نے کہا، میں لاہور مذاکرات کے نتائج سے بے حد خوش ہوں۔ یہ ایک دوستانہ حل ہے جہاں کرکٹ کی اہمیت کو مقدم رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے آئی سی سی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔راجیو شکلا نے اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان اب شیڈول کے مطابق 15 فروری کو کولمبو میں ہندوستان کے خلاف میدان میں اترے گا۔”یہ ہم سب کے لیے خوشخبری ہے کہ ورلڈ کپ کی کامیابی کی کہانی جاری رہے گی۔ اس مذاکرات کے دوران بنگلہ دیش کے تحفظات کو بھی دور کر دیا گیا ہے اور وہ اس فیصلے سے مطمئن ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی آئی سی سی کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے ۔