بارہمولہ+بڈگام +کپوارہ // اوڑی میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب لائن آف کنٹرول پر گوہالن علاقے میں دراندازی کی کوشش ، جس میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا، کے بعد منگل کو تیسرے روز بھی تلاشی کارروائی جاری رہی جبکہ منگل کی شب 9بجے 38گھنٹوں کے بعد مواصلاتی خدمات بحال کی گئیں۔اتوار کو یہاں گوہالن کے انگوری پوسٹ علاقے سے دراندازی کی کوشش کی گئی تھی جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 12جاٹ ریجمنٹ کا ایک فوجی اہلکارزخمی ہوا۔اس کے بعد اتوار دن بھر اس علاقے کو سیل کیا گیا اور فوجی کی مزید کمک طلب کی گئی اوروسیع پیمانے پر تلاشیاں شروع کی گئیں۔لیکن پیر کی صبح 11بجے سے تحصیل اوڑی کے حدود میں آنے والے سبھی علاقوں میں انٹر نیٹ اور فون سروس بند کی گئی جو منگل کی شام دیر گئے بحال کی گئی۔
تاہم تحصیل چند واڑی کے تحت آنے والے علاقوں میں فون اور انٹر نیٹ سروس چالو تھی۔ باہمولہ پہنچنے والے مقامی لوگوں نے بتایا کہ اوڑی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے پیچھے سلام آباد سے چرنڈہ کے درمیانی علاقے میں تلاشی کارروائی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج کی جانب سے ڈرون اور فوجی ہیلی کاپٹر استعمال کئے گئے اور یہ سلسلہ دن بھر جاری رہا۔سرینگر میں مقیم دفاعی ترجمان نے کہا کہ تلاشی کارروائی جار ہے تاہم ابھی تک ممکنہ طور پر دراندازی کرنے والے جنگجوئوں کیساتھ رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔فوج کو خدشہ ہے کہ جنگجو آس پاس کے جنگلاتی علاقے میں کہیں چھپے بیٹھے ہونگے۔ادھر ژیر ہارہ کھاگ بیروہ میںمنگل کی دوپہر جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع پر 62آر آر ، سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے جنگلاتی علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی کارروائی شروع کی۔
محاصرے کے دوران کہیں سے گولی چلی جو بلال احمد راتھر ولد غلام محمد کی ٹانگ کو جا لگی جس سے وہ شدید زخمی ہوا۔اسے فوری طور پر بیروہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کا کہنا کہ محاصرے کے دوران جنگجوئوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں مذکورہ شخص زخمی ہوا۔تاہم مقامی لوگوںکا کہناہے کہ محاصرے کے دوران مذکورہ شخص خوف زدہ ہوکر بھاگنے کی کوشش کرنے لگا، جس کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز نے اُس کی ٹانگ میں گولی مار دی۔ ادھر سرینگرائرپورٹ کے نزدیک گوگوہمہامہ راستے میں جنگجوئوںکی جانب سے چھپائی گئی ایک طاقتور بارودی سرنگ کاسراغ لگایا ،جس کو ایک ٹین کے ڈبہ میں رکھاگیا تھا۔بارودی سرنگ کاسراغ لگنے کے بعد بم ڈسپوزل اسکارڈکوطلب کیاگیا، جس نے اسے ناکارہ بنایا۔دریں اثناء فوج اور پولیس نے چوکی بل کپوارہ میں تلاشی کارروائی کے دوران ایک خستہ حال کوٹھے سے 3بارودی سرنگیں اور 3کلو کھاد بر آمد کی گئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ منگل کے روز پولیس اور فوج کی ایک ٹیم نے کھنہ بل چوکی بل میں ایک بہک کی تلاشی لی جہاں سے تین بارودی سرنگیں اور 3کلو کھاد بر آمد کی گئی ۔وہا ں پر کئی مکانو ں کی تلاشی بھی لی گئی اور اس سلسلہ میں کوٹھے کے مالک سمیت کئی افراد کی پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔