عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// فوج نے جموں و کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں تین افراد کو گرفتار کرکے مبینہ طور پر دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا، جب کہ ایک الگ واقعے میں، فوجیوں نے مقبوضہ کشمیر سے ایک شخص کو ایل او سی عبور کرنے کے بعد حراست میں لیا۔سرینگر میں قائم چنار کور نے بتایا کہ ہفتہ کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بارہمولہ ضلع کے اوڑی علاقے میں فوج اور پولیس کا مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔ چنار کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “سوپور کے دو افراد کو چوکس چنار واریرس نے اوڑی سیکٹر میں اپنے ساتھی گائیڈ کے ساتھ سرحد پار کرنے کے ارادے سے کوشش کرتے ہوئے پکڑ لیا اور اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔”حکام نے گرفتار افراد کی شناخت عادل حسین، اشفاق لون اور جعفر حافظ کے طور پر کی ہے۔اسی علاقے میں ایک الگ واقعے میں، فوجی اہلکاروں نے پاکستانی کشمیر(پی او جے کے) سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو اس وقت روکا اور پکڑ لیا جب وہ لائن آف کنٹرول کو عبور کر رہا تھا۔فوج نے ایک اور پوسٹ میں کہا”ایک POJK سے گھسنے والے کو پکڑا گیا ہے، جسے الرٹ چنار واریئرز نے اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کو عبور کرتے ہوئے روکا تھا۔ چوکس دستوں نے دراندازی کو چیلنج کرتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کیا اور اس شخص کو پکڑ لیا۔ گھسنے والے کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا،” ۔حکام کے مطابق اس شخص کی شناخت اس کے پاکستانی شناختی کارڈ کی بنیاد پر 22 سالہ ذیشان میر کے نام سے ہوئی ہے، جو مظفرآباد کا رہائشی ہے۔حکام نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران میر نے حکام کو بتایا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے دونوں کے رابطے میں آنے کے بعد اس نے سرحد کے اس طرف ایک لڑکی سے ملنے کے لیے ایل او سی کو عبور کیا۔