سرینگر //وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو لوک سبھا میں تین ترمیم شدہ فوجداری قانون کے بل پیش کئے، جو آئی پی سی، سی آر پی سی اور انڈین ایویڈینس ایکٹ کی جگہ لیں گے۔وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں لوک سبھا سے منظور کیے گئے تین بلوں کو واپس لے لیا تھا۔انہوں نے تین ترمیم شدہ فوجداری قانون بل لوک سبھا میں پیش کئے۔امیت شاہ نے کہا کہ بلوں کو واپس لے لیا گیا ہے اور تین نئے بل متعارف کرائے گئے ہیں کیونکہ کچھ تبدیلیاں کی جانی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی نے بلوں کا جائزہ لیا اور سرکاری ترامیم کے ساتھ آنے کے بجائے بل دوبارہ لانے کا فیصلہ کیا گیا۔کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے مشورہ دیا کہ بلوں کی مزید جانچ کی جانی چاہئے۔امیت شاہ نے کہا کہ اسٹینڈنگ کمیٹی نے بلوں کی جانچ کی ہے اور ارکان کو ان کا مطالعہ کرنے کا وقت ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو بحث ہو گی اور وہ جمعہ کو بلوں کا جواب دیں گے۔تین بل 1860 کے انڈین پینل کوڈ(آئی پی سی)، 1973 کے ضابطہ فوجداری(سی آر پی سی) اور 1872 کے انڈین ایویڈینس ایکٹ کی جگہ لیں گے۔اس سے پہلے کے بل 11 اگست کو پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں پیش کیے گئے تھے اور انہیں قائمہ کمیٹی کے پاس بھیج دیا گیا تھا۔