دفاعی چیمپئن ایگا سوئیٹیک ٹورنامنٹ سے باہر
یو این آئی
کیلیفورنیا/دنیا کی نمبر ون ٹینس اسٹار آریانا سبالینکا نے انڈین ویلز میں اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے ، جبکہ دو بار کی چیمپئن ایگا سوئیٹیک کو غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔بیلاروس کی اسٹار کھلاڑی سبالینکا کا مقابلہ کینیڈا کی 19 سالہ ابھرتی ہوئی کھلاڑی وکٹوریہ مبوکو سے تھا۔ نوجوان مبوکو نے پہلے سیٹ میں عالمی نمبر ایک کو سخت ٹکر دی اور مقابلہ ٹائی بریکر تک پہنچا دیا، تاہم سبالینکا نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹائی بریکر میں 7-0 سے غلبہ حاصل کیا۔
دوسرے سیٹ میں سبالینکا نے پانچویں گیم میں سروس بریک کی اور آخر کار 7-6، 6-4 سے فتح سمیٹ لی۔سیمی فائنل میں سبالینکا کا مقابلہ چیک جمہوریہ کی لنڈا نوسکووا سے ہوگا، جنہوں نے آسٹریلوی کوالیفائر تالیہ گبسن کو شکست دے کر پیش قدمی کی ہے ۔ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ اس وقت دیکھنے کو ملا جب یوکرین کی الینا سویتولینا نے دنیا کی دوسرے نمبر کی کھلاڑی اور سابق چیمپئن ایگا سوئیٹیک کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ سویتولینا نے سوئیٹیک کو 6-2، 4-6، 6-4 سے شکست دی۔سوئیٹیک کی ڈبل فالٹس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سویتولینا نے فیصلہ کن سیٹ میں اہم سروس بریک حاصل کی اور 7 سال میں پہلی بار سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ اس شکست کے بعد سوئیٹیک اگلے ہفتے رینکنگ میں رائبا کینا سے نیچے چلی جائیں گی۔تیسری سیڈ اور آسٹریلین اوپن چیمپئن ایلینا رائبا کینا نے بھی اپنا عمدہ فارم برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے امریکی کھلاڑی جیسیکا پیگولا کو 6-1، 7-6 سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اب ان کا سامنا یوکرینی اسٹار سویتولینا سے ہوگا۔