عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ضلع اننت ناگ میں تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے ایک روزگار میلہکا انعقاد عمل میں لایا گیا.ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے میلہ کا افتتاح کیا جس میں ضلع بھر سے بڑی تعداد میں نوجوانوں نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ میلے میں مختلف نجی شعبہ کی تقریباً 20 معروف کمپنیوں نے شرکت کی اور موقع پر ہی امیدواروں کے انٹرویوز اور سلیکشن کا عمل انجام دیا گیا۔ میلے کے دوران کل 170 تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو مختلف کمپنیوں میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے گئے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایسے پروگرام نہ صرف نوجوانوں کو روزگار فراہم کرتے ہیں بلکہ انہیں نجی شعبے کے تقاضوں سے بھی روشناس کراتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں، جدید ہنر سیکھیں اور بدلتے ہوئے مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ مستقبل میں بھی اس طرح کے روزگار میلوں کا انعقاد جاری رکھے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے اور انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ یہ روزگار میلہ آجرین اور ملازمت کے خواہشمند افراد کے درمیان ایک مؤثر پل ثابت ہوا، جہاں دونوں کو ایک دوسرے سے براہ راست بات چیت اور مواقع کا تبادلہ کرنے کا موقع ملا۔