سید اعجاز
ترال//مسلسل خشک سالی اور جنگلات میں خوراک کی کمی کے بعد ترال کے جنگلات میں موجود ریچھ سمیت مختلف جنگلی جانوروں نے انسانی بستیوں کا رخ کرنا شروع کیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔اس دوران محکمہ وائلڈ لائف نے ترال کے2گائوں میںبھاری بھر کم ریچھوں کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔محکمہ وائلڈ لائف نے گزشتہ دنوں راجپورہ نو پورہ میں ایک بڑے ریچھ پکڑ کر محفوظ مقام پر چھوڑ دیا ہے ۔اسی طرح ترال کے مندورہ اور عالی گنڈ نامی گائوں میں لوگوں نے 2ریچھوں کو گھومتے ہوئے دیکھا ہے جس کے بعدانہوں نے متعلقہ محکمے کو مطلع کیا ہے جس کے بعد محکمہ کے ایک ٹیم نے یہاںجال بچھا کر ریچھوں کو قابو کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔اس دوران ترال مین قصبے سمیت کچھ علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے یہاں تیندوے کو کئی مرتبہ سی سی کیمرے میں دیکھا ہے جبکہ خار پشت سمیت دیگر کئی اقسام کے جنگلی جانور شام کونمو دار ہوتے ہیں جن کو اکثر سڑکوں پر چلنے والے ڈائیوروں اور مسافروں نے متعدد بار دیکھا ہے ۔اس وجہ سے بھی لوگ شام کے بعد گھروں سے نکلنے میں احتیاط برت رہے ہیں ۔اسی طرح کچھ لوگوں نے بتایا کہ محکمہ دہی ترقی کی جانب سے تعمیر کئے گئے سیگری گیشن شیڈوں میں جہاں کتے زیادہ تعداد میں ہوتے ہیں اب وہاں جنگلی جانور نظر آ رہے ہیں ۔لوگوں نے بتایا اکثر مقامات پر یہ شیڈ کوڑے دان میں تبدیل ہوئے ہیں ۔ادھر ماہرین کا ماننا ہے کہ مسلسل خشک سالی کی وجہ جنگلات میں پانی کی کمی کے ساتھ ساتھ خوراک بھی ختم ہوا ہے جس کے باعث یہ جانور پانی اور خوراک کی تلاش میں انسانی بستیوں کا رُخ کر رہے ہیں ۔