محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں ایک اہم انتظامی پیش رفت کے طور پر انجینئر واجد بشیر خان کو آوقاف اسلامیہ پونچھ کا ایگزیکٹو آفیسر مقرر کر دیا گیا ہے، جس پر عوامی، سیاسی، سماجی اور میڈیا حلقوں کی جانب سے وسیع پیمانے پر خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ان کی تقرری کو ایک مثبت اور ترقی پسند قدم قرار دیتے ہوئے مختلف طبقات نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی قیادت میں آقاف اداروں کے نظام میں شفافیت، بہتری اور مؤثر انتظامی اصلاحات دیکھنے کو ملیں گی۔انجینئر واجد بشیر خان، جو عوام میں ’ٹکو خان‘کے نام سے جانے جاتے ہیں، ایک متحرک اور باصلاحیت نوجوان قیادت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔
وہ قبل ازیں مینڈھر سے ضلع ترقیاتی کونسل کے رکن رہ چکے ہیں، جہاں انہوں نے عوامی مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا اور اپنی جرات مندانہ و عوام دوست قیادت کے باعث نمایاں مقام حاصل کیا۔ذرائع کے مطابق ان کی تقرری سے آقاف جائیدادوں کے مؤثر انتظام اور فلاحی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم پیش رفت متوقع ہے، جو خطے میں سماجی و مذہبی خدمات کے دائرے کو مزید وسعت دے گی۔یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ وہ اس وقت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایگزیکٹو ممبر کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور سیاسی میدان میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔مبارکباد پیش کرنے والوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں میں بھی عوامی خدمت کے جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے پونچھ کی مجموعی ترقی اور فلاح و بہبود میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔